ETV Bharat / state

JMI VC Calls on Prez Murmu: صدر ہند سے جامعہ ملیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کا مطالبہ

author img

By

Published : Jan 13, 2023, 7:12 PM IST

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر کی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر کی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات

جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی، کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو کے ساتھ ملاقات کے دوران جامیہ میں فیکلٹی میں اضافہ سمیت میڈیکل کالج کے قیام کو منظوری دینے کی بھی درخواست کی۔ Demand for Medical College in Jamia Millia Islamia

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو کے ساتھ ملاقات کی۔ یہ وائس چانسلر کی صدر سے پہلی ملاقات تھی۔ صدر ہند سے ملاقات کے حوالہ سے وائس چانسلر نے دعویٰ کیا کہ ’’ملاقات کے دوران صدر جمہوریہ نے یونیورسٹی کی کامیابیوں اور کارکردگی پر خوش اور اطمینان کا اظہار کیا۔‘‘

ملاقات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ انہوں نے صدر جمہوریہ کو بتایا کہ جامعہ کو 2021 میں NAAC کے ذریعے(5 سال کی مدت کے لیے) A++ گریڈ دیا گیا ہے اور NIRF، وزارت تعلیم، حکومت ہند کے مطابق یہ ملک کی سرفہرست تین یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے۔ یونیورسٹی نے باوقار بین الاقوامی درجہ بندی جیسے QS، Times Higher Education (THE) وغیرہ میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔

1جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر کی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر کی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات

انہوں نے صدر جمہوریہ کو یونیورسٹی کے آئندہ کانووکیشن میں بطور مہمان مدعو کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ معزز صدر نے یونیورسٹی کی شاندار کامیابیوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ’’یہ آنے والے برسوں میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔‘‘ ملاقات کے دوران نجمہ اختر نے صدر جمہوریہ سے التماس کیا کہ یونیورسٹی قبائلی مطالعات اور ترقی کا شعبہ اور قبائلی طلباء کے لیے ہاسٹل قائم کرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے ان سے مدد کی ضرورت ہے۔

وائس چانسلر نے صدر کو مطلع کیا کہ حال ہی میں یونیورسٹی کے ایک درجن سے زیادہ ریسرچ اسکالرز، خاص طور پر طالبات کو پرائم منسٹر ریسرچ فیلو شپ (PMRF) کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے صدر کو ریذیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی (RCA) جامعہ کی شاندار کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بڑی تعداد میں سرکاری ملازمین تیار کیے ہیں، بشمول اس سال کی IAS امتحان میں ٹاپر شروتی شرما کا خاص ذکر کیا۔

مزید پڑھیں: JMI Urdu Department شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پچاس برس مکمل

اس موقع پر وائس چانسلر نے یہ بھی صدر جمہوریہ کو بتایا کہ ’’جے ایم آئی کے فیکلٹی ممبران بہترین تحقیقی کام کر رہے ہیں اور وزیٹر ایوارڈ سمیت قومی اور بین الاقوامی اعزازات حاصل کر رہے ہیں۔‘‘ نجمہ اختر نے صدر ہند سے درخواست کی کہ مختلف پیرامیٹرز پر جامعہ کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یونیورسٹی کو 'انسٹی ٹیوٹ آف ایمننس کا درجہ دیا جائے۔ انہوں نے جامعہ میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری حاصل کرنے میں بھی صدر جمہوریہ سے تعاون طلب کیا۔ وائس چانسلر نے انہیں مطلع کیا کہ یونیورسٹی نے پہلے ہی حکومت سے میڈیکل کالج کی منظوری دینے کی اپیل کی ہے، جو نہ صرف جنوبی دہلی میں رہنے والے لوگوں کے لیے بلکہ یوپی اور ہریانہ کے قریبی شہروں میں رہنے والے لوگوں کے لیے بھی بہت مفید ثابت ہوگا۔

نجمہ اختر نے یہ بھی کہا کہ جامعہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے تعلیمی کورسز کی بہت زیادہ مانگ کے پیش نظر مشرق وسطیٰ جیسے ممالک میں، جہاں بڑی تعداد میں ہندوستانی مقیم ہیں، جامعہ کے کیمپس کا قیام لایا جائے۔ انہوں نے جامعہ میں جدید ہندوستانی زبانوں کا ایک شعبہ، نرسنگ کالج اور متبادل طب کی فیکلٹی قائم کرنے کی بھی اجازت طلب کی۔

تعلیمی پروگراموں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر پروفیسر نجمہ اختر نے صدر جمہوریہ سے یونیورسٹی میں اضافی تدریسی اور غیر تدریسی عہدوں کی درخواست بھی کی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.