ETV Bharat / state

جامعہ ہمدرد میں جلسہ سیرت النبیؐ کا اہتمام

author img

By

Published : Nov 3, 2021, 4:17 PM IST

جامعہ ہمدرد میں سیرت النبیﷺ کے موضوع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے صدر ڈاکٹر عمیر الیاسی نے کہا کہ ہم نے اپنی شناخت ایسی بنالی ہے کہ غیرمسلم ہمارے برتاؤ اور طور طریقوں سے نفرت کرنے لگے ہیں۔'

جامعہ ہمدرد میں جلسہ سیرت النبیؐ کا اہتمام

سچا اور پکا مومن بننے کے لیے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مطابق زندگی گزارنے کی ضرورت ہے۔ کوئی بغیر ان کی سیرت پر چلے پکا مسلما بن ہی نہیں سکتا۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ ہمدرد میں منعقد جلسہ سیرت النبیﷺ میں آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے صدر ڈاکٹر عمیر الیاسی نے کیا۔

ویڈیو
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام کو اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو صحیح سے سمجھا ہی نہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنی شناخت ایسی بنالی ہے کہ غیر مسلم ہمارے برتاؤ اور طور طریقوں سے نفرت کرنے لگے ہیں۔'


عمیر الیاسی نے کہا کہ اسلام اخلاق سے پھیلا ہے اور وہ اخلاق دیکھنا ہے تو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت میں دیکھیے کہ کس طرح سے انہوں نے غیر مسلمانوں کے ساتھ حسن سلوک کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور غیر مسلمانوں کے درمیان کافی دوری ہے۔ اسلام کو مدارس تک محدود کر دیا گیا ہے۔ اگر مدارس کے وہی اساتذہ اور طلبا مندروں کا بھی دورہ کریں تو انہیں بہت کچھ سیکھنے اور سکھانے کا موقع ملے گا اور دوسرے کے احساسات کو سبھی سمجھ سکیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلام سکھاتا ہے کہ دوسرے کے ساتھ حسن سلوک کیا جائے۔ اگر اس طرح کے قدم اٹھائے جائیں تو ممکن ہے کہ غیر مسلمانوں میں اسلام کے تئیں اچھا پیغام جائے گا۔'


اس موقع پر انہوں نے اپیل کی کہ اگر سڑک پر کہیں ایمبولینس جاتی ہوئی نظر آئے تو فوراً مریض کے لیے دعا کردیں۔ یہ قطعی نہ سوچیں کہ وہ ہندو ہے یا مسلمان ہے۔ سب اللہ کے بندے ہیں۔ دعا کر دیں ہوسکتا ہے آپ کی دعا ان کے لیے شفا کا باعث بن جائے۔'


پروگرام کی مہمان خصوصی مولانا وحید الدین کی صاحبزدی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی پروفیسر فریدہ خانم نے سیرت النبیؐ پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی دیکھیں تو انہوں نے کچھ بھی اپنے لیے جمع نہیں کیا بلکہ وہ دوسروں کی مدد کرتے رہے اور مصیبت کی گھڑی میں ان کا سہارا بنے۔'


انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہؓ جو سب سے زیادہ مالداراور خوبصورت خاتون تھیں انہوں نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے صرف اس لیے نکاح کیا کہ وہ ایک صادق، امین اور دوسروں کے خیر خواہ تھے۔ اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کے سب سے پہلے سچے اور دوسروں کی مدد کرنے والے بنیں۔'


آخر میں جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ایم افسر عالم نے کہا کہ نئی نسل کو اسلام کی طرف راغب کرنے کے لیے اس طرح کے دیگر دینی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔'

پروگرام سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجےکو ختم ہوا۔ پروگرام کے آخر میں قومی ترانہ پڑھا گیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.