ETV Bharat / state

Congress Working Committee Meet کانگریس ورکنگ کمیٹی کا آج اجلاس

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 9, 2023, 11:03 AM IST

Updated : Oct 9, 2023, 2:28 PM IST

ملک کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں کی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اسی ضمن میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا آج اجلاس ہے۔ Assembly Elections to be held in five states

کانگریس ورکنگ کمیٹی کا آج اجلاس
کانگریس ورکنگ کمیٹی کا آج اجلاس

نئی دہلی: دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا آج اجلاس منعقد ہونے والا ہے جس میں ملک گیر ذات پات کی مردم شماری اور انتخابی حکمت عملی پر بات چیت ہونے کا قوی امکان ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے آج راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا جائے گا۔

کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، پارٹی کے سابق سربراہان سونیا گاندھی اور راہل گاندھی، کانگریس کے زیر اقتدار تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور پارٹی کے اعلیٰ افسران انتخابی تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کریں گے، اس کے علاوہ انتخابات سے متعلق وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔ اس اجلاس میں ملک گیر ذات پات کی مردم شماری اور اس کے مضمرات پر پارٹی بات چیت کرے گی۔

ذات پات کی مردم شماری کے مطالبے کے ضمن میں کانگریس کے اندر تشویش پائی جاتی ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں اپوزیشن پارٹی پر یہ الزام لگایا تھا کہ وہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے لیے دباؤ ڈال کر ہندوؤں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

کانگریس کے ترجمان اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن ابھیشیک سنگھوی نے حال ہی میں راہل گاندھی کے "جتنی آبادی، اُتنا حق" (آبادی کے تناسب سے حقوق) کے نعرے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اگرچہ سنگھوی نے ایکس پر اپنی متنازعہ پوسٹ کو فوری طور پر ہٹادیا۔ تاہم پارٹی کے کچھ رہنماوں میں ذات پات کی مردم شماری کے تئیں سیاسی طور پر خدشات برقرار ہیں۔

دریں اثناء حکمراں بی جے پی نے کانگریس پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کبھی بھی ذات پات کی مردم شماری کے حق میں نہیں رہی جب کہ آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی نے پارلیمنٹ میں منڈل کمیشن کی مخالفت کی تھی۔ کانگریس نے بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے ذات پات کی مردم شماری کے لیے زور دینے کا اصولی موقف اختیار کیا ہے۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے اعلان سے قبل میٹنگ بلائی

بہار حکومت کی جانب سے ریاست میں ذات پات کی مردم شماری کے بعد کانگریس کے زیر اقتدار ریاست راجستھان نے بھی ہفتے کے روز ذات پات کی مردم شماری کروانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ چھتیس گڑھ میں بھی کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آتی ہے تو وہ ذات پات کی مردم شماری کرائے گی۔ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے پہلے ہی مردم شماری کا اعلان کر دیا ہے اور اس کے نتائج اس سال کے آخر میں سامنے آنے کا امکان ہے۔

کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے میں پانچ ریاستوں میں پارٹی کی حکمت عملی کو مضبوط کرنا ہے۔ کانگریس چھتیس گڑھ اور راجستھان میں اپنی حکومتیں برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جبکہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی، تلنگانہ میں بھارت راشٹریہ سمیتی (بی آر ایس) اور میزورم میں میزو نیشنل فرنٹ (ایم این ایف) سے اقتدار چھیننے کی امید اور کوشش کر رہی ہے۔

Last Updated :Oct 9, 2023, 2:28 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.