ETV Bharat / state

بھارت جوڑو نیائے یاترا کی کامیابی کیلئے کانگریس اقلیتی شعبے نے خم ٹھونکا:عمران پرتاپ گڑھی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 7, 2024, 9:42 PM IST

Congress minority wing bowed down for the success of Bharat Jodo Naya Yatra: Imran Pratapgarhi کانگریس اقلیتی شعبے کے چیئرمین اور راجیہ سبھا کے رکن عمران پرتاپ گڑھی نے کانگریس اقلیتی شعبے کی پہلی بار منعقدہ ایگزیکیٹو کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ اقلیتی شعبے کی موجودہ ٹیم سب سے مضبوط ہے جو راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا میں کاندھے سے کاندھا ملاکر چلنے کا عزم کرتی ہے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے اب تک جو ترقی کے نعرے لگائے ہیں وہ سب جھوٹے ثابت ہوئے ہیں یہ بات کانگریس اقلیتی شعبے کے چیئرمین اور راجیہ سبھا کے رکن عمران پرتاپ گڑھی نے آج یہاں کانگریس اقلیتی شعبے کی پہلی بار منعقدہ ایگزیکیٹو کمیٹی کے اجلاس میں کہی۔ انہوں نے یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا کہ اقلیتی شعبے کی موجودہ ٹیم سب سے مضبوط ہے جو راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا میں کاندھے سے کاندھا ملاکر چلنے کا عزم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اقلیتی شعبے کا مطلب پارٹی کا مسلم ونگ سمجھا جاتا تھا لیکن اب انہوں نے اپنے عظیم لیڈر راہل گاندھی کی ہدایت پر ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو شعبے سے جوڑا ہے ۔سب سے کم تعداد والے پارسی،جین،بودھ ،سکھ سمیت ملک کی سب سے بڑی اقلیت مسلم بھی شعبے کا وقار بنے ہیں۔انہوں نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے اپنے شعبے کے تمام اراکین سے اپیل کی اور کہا کہ یہ انتخاب ایک موقع ہیں اگر ہم نے جی جان سے آئندہ چناﺅ میں کامیابی حاصل کرلی تو ملک کی تقدیر سنور جائے گی۔

عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ اس وقت ملک اور کانگریس کو کئی طرح کے چیلنج درپیش ہیں۔آنے والا وقت کافی مشکلوں بھر اہوسکتا ہے۔رام مندر افتتاح کے بعد ممکن ہے نفرت کی سیاست عروج پر پہنچ جائے ہمیں اس کا مقابلہ کرنے کے لئے ابھی سے تیاری کرنی ہوگی۔ ہماچل پردیش کے انچارج اور سینئر کانگریسی لیڈر راجیو شکلا نے کہا کہ عمران پرتاپ گڑھی نے اقلیتی شعبے کی تصویر کو پوری طرح بدل ڈالا ہے ۔انہوں نے شعبے میں نئی روح بھی پھونکی ہے اور اسے وسعت بھی بخشی ہے۔راجیو شکلا نے کہا اقلیتیں کانگریس کی بنیاد ہیں ۔پارٹی کو بنانے اور مضبوط کرنے میں اقلیتی شعبہ نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔یہ شعبہ مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

کانگریس کے سینئر اور تجربہ کار لیڈر طارق انور نے کہا کہ ملک میں اقلیتی آبادی کل آبادی کا پانچواں حصہ ہیں ۔کانگریس ہمیشہ سے ہی ملک کی اقلیتوں،دلتوں،پسماندہ لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے اور انہیں مین اسٹریم سے جوڑنے کی طرفدار رہی ہے۔ کسی بھی مہذب سماج کی شناخت اسی سے ہوتی ہے کہ اس کی اقلیتیں کتنی مضبوط اور خوش حال ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے بچ کر چلنا چاہتی ہے اسے اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کے مزاج میں باہمی میل ملاپ،محبت اور بھائی چارہ ہے ۔اس لئے سیکولرزم ہی اس ملک کے لئے فائدے مند ہوسکتا ہے نفرت کی سیاست کے نتائج خراب ہی نہیں خطرناک ہوسکتے ہیں۔

پون کھیڑا نے میٹنگ کے دوران اپنی تقریر میں کہا کہ آج ایسی ہوا چل رہی ہے کہ مجھے ڈر ہے کہ کہیں محبت،پیار اور سیکولرزم کی باتیں کرنے والے اقلیت میں نہ آجائیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پر زوال کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس کے لیڈروں نے اقلیتوں کے مسائل سے چشم پوشی کرنا شروع کردی تھی۔ میٹنگ میں کے راجو،چھتیس گڑھ کے سابق نائب وزیر اعلیٰ ٹی ایس دیو ،نیتا ڈیسوزا، کرناٹک کے کابینی وزیر بی ضمیر احمد خان،ورشا گائیکواڑ،الکا لامبا نے بھی خطاب کیا ۔اس میٹنگ میں ملک کی تمام ریاستوں کی کانگریس اقلیتی شعبے کے چیئرمین ،کوآرڈی نیٹر،جوائنٹ کوآرڈی نیٹر سمیت کئی لیڈروں نے شرکت کی۔ اس دوران دہلی ایم سی ڈی کا چناﺅ جیتنے والے کونسلر وں کا بھی استقبال کیا گیا۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.