ETV Bharat / state

Surrender Yadav on Ram Navami Violence بہار حکومت نے بڑے فساد کی سازش کو ناکام بنا دیا، ریاستی وزیر

author img

By

Published : Apr 12, 2023, 9:45 AM IST

Updated : Apr 12, 2023, 12:37 PM IST

ضلع گیا میں ریاستی وزیر ڈاکٹر سریندر پرساد یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو بہار فسادات کا اصل ذمہ دار قرار دیا۔ سریندر یادو نے کہا کہ یہاں کے امن اور انصاف پسند باشندوں نے بی جے پی کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

بہار کے ریاستی وزیر سریندر یادو سے بات چیت

گیا: بہار میں رام نومی کے موقعے پر ہوئے فساد پر پہلی مرتبہ ریاستی حکومت کے کسی وزیر نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔ وزیر کا تعلق محکمہ کوآپریٹو سے ہے اور وہ آرجے ڈی کے قدآور رہنما ہیں۔ دراصل بہار محکمہ کوآپریٹو کے وزیر ڈاکٹر سریندر پرساد یادو ضلع گیا دورے پر پہنچے جہاں نمائندہ ای ٹی وی بھارت نے ان سے خاص بات چیت کی۔ ڈاکٹر سریندر پرساد یادو نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کہا کہ جس وقت گیا یا پھر ساسارام اور بہار شریف میں پرتشدد واقعات پیش آئے، اس وقت وہ کٹیہار میں سابق رکن اسمبلی نیرج یادو کی موت کے بعد رسومات میں مصروف تھے۔ اس لیے انہوں نے اس پر بیان نہیں دیا لیکن گزشتہ روز جیسے ہی وہ آئے، انہوں نے اپنے اسمبلی حلقہ بیلاگنج کے چاکند تھانہ حلقہ میں پیش آئے پرتشدد معاملے کو پرسکون کرا دیا۔ اب دونوں فرقوں میں صلح ہوگئی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر الزمات لگاتے ہوئے دعوی کیا کہ ان سب کے پیچھے جو سازش کی گئی ہے اس کے پیچھے بی جے پی ہی ہے حالانکہ انہوں نے حکومت کے بچاؤ میں کہا کہ نظم ونسق میں کوئی کمی نہیں تھی اور سکیورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی میں چوک نہیں ہوئی لیکن ایک چیز یہ کہ جو پہلے سے فسادیوں نے طے کر رکھا تھا، اسے وہ تو انجام دیتے ہی، ہاں یہ ضرور ہے کہ کوئی بھی فسادی بخشا نہیں جائے گا۔ وہ وزیراعلیٰ سے مطالبہ کریں گے کہ ایسے فسادیوں جنہوں نے جسمانی طور پر تشدد کو انجام دیا یا سازش کی ہے ان سب پر ملک سے غداری کی ایکٹ لگائی جائے اور ان پر سخت کارروائی کی جائے اور ان سے ہی نقصان کی بھرپائی کرائی جائے۔ سریندر یادو نے کہا کہ ہندو مسلمان یہیں کے ہیں تو پھر دنگائی اور فسادی کہاں کے ہیں۔۔؟ اس پر معاشرے کو سوچنا چاہیے۔ انہوں نے گیا میں ہوئے تشدد کی وجہ مقامی پولیس کے غیرذمہ دارانہ کام کو قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امن انصاف قانون کی بالادستی ہی عظیم اتحاد کی حکومت کا مشن اور فریضہ ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ سے بات کی اور حکومت کی کاروائی کو درست قرار دیا۔

بی جے پی فساد چاہتی ہے ۔۔

ڈاکٹر سریندر پرساد یادو نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ابھی تک کی جانچ میں یہ واضح ہو گیا ہے سازش کے تحت بہار کو جلانے کی کوشش ہوئی ہے اور جن کا نام سامنے آیا ہے ان کا تعلق بی جے پی کی حمایت یافتہ تنظیموں سے ہیں۔ انہوں نے اپنے اسمبلی حلقہ بیلاگنج کے ڈبو نگر اور ڈھکائن تشدد کا ذکر کیا اور کہا کہ ' راج نیتا ' وہی ہوتا ہے جو معاشرے کے ہر فرد کے دکھ درد کو سمجھے۔ خاص کر اس طرح کے مواقع پر پیدا ہوئی صورتحال کو قابو پانے کیلئے سبھی کو جوڑنے کی باتیں ہونی چاہیے ڈبو اور ڈھکائن گاؤں میں جب تشدد ہوا تو بی جے پی کے بڑے قدآور رہنما جس میں بہار کے سابق وزیر و گیا نگر حلقہ کے رکن ڈاکٹر پریم کمار اور دوسرے رکن اسمبلی اور رہنما ڈھکائن گاوں کا دورہ کیا وہاں جاکر ہندوتوا کی باتیں کی لیکن وہ چند فاصلے پر واقع ڈبو گاؤں نہیں گئے وہاں کے مسلمانوں سے انکی آب بیتی نہیں سنی۔ اسی کو سہولت کی سیاست کہا جاتا ہے اگر آپ انصاف پسند ہونگے تو سبھی متاثرین سے ملیں گے لیکن بی جے پی والے ایسا نہیں کرتے ہیں ہاں اور یہ بات ہے کہ ڈھکائن اور ڈبو گاوں کے ہندو مسلمان بی جے پی کے بہکاوے میں نہیں آئے اور سبھی نے رنجشوں کو بھلا کر صلح کرلی ہے ۔

اویسی سے بڑے لیڈر ان کے والد تھے

سریندر یادو نے اے آئی ایم آئی ایم کے قومی صدر اسد الدین اویسی پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اویسی بی جے پی کے اشارے پر کام کرتے ہیں، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو آج بی جے پی انہیں بھی جیل میں ڈال دیتی۔ آخر کیا وجہ ہے کہ اویسی انہی جگہوں پر الیکشن لڑتے ہیں جہاں بی جے پی کو ہار کا سامنا کرنے کا ڈر ہوتا ہے۔ اویسی بی جے پی کو ہرانے کے لیے بی جے پی کے خلاف کیوں نہیں امیدوار اتارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چالیس برسوں سے زیادہ عرصہ سے سیاست میں ہیں اور مسلسل رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ رہے ہیں اویسی کے والد کی سیاست کو بھی انہوں نے دیکھا ہے، اس لیے وہ جب دونوں کا موازنہ کرتے ہیں تو یہ پاتے ہیں کہ اویسی کے والد بڑے لیڈر تھے اور وہ مسلمانوں کے ہمدرد تھے۔ ان کے والد ہمیشہ سیکولر پارٹیوں کو ساتھ میں لیکر چلنے پر یقین رکھتے تھے لیکن اویسی ان کے برعکس ہیں۔

لالو یادو کے وقت میں بھی فساد ہوا تھا

ریاستی وزیر سریندر یادو وزیراعلی نتیش کمار اورعظیم اتحاد کی حکومت کے دفاع میں کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار انصاف پسند شخص ہیں نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو سبھی طبقے کو ساتھ لیکر چلتے ہیں اور اس بات کو یقین مانیں کہ عظیم اتحاد کی حکومت میں مسلمانوں کے ساتھ ہرگز ناانصافی نہیں ہوگی جہاں تک فساد کی بات ہے تو یہ ہوتا رہا ہے۔ معاشرے کے دشمن ہروقت میں ہوتے ہیں لالوپرساد یادو کے دور اقتدار میں بھی بہار شریف کو جلایا گیا تھا اسوقت بھی ہم اور دیگر امن بحال کرنے کے لیے بہار شریف میں سڑکوں پر اترے تھے ہم نے ڈنڈا اور پتھر کھایا ہے لیکن بعد میں کوئی بخشا نہیں گیا اسلیے یہ یقین اور بھروسہ رکھیں کہ اس مرتبہ بھی کوئی بخشا نہیں جائے گا۔

مدرسہ عزیزیہ کو معاوضہ دیا جائے گا

سریندر یادو نے کہا کہ جس طرح سے سازش تھی اس کے بنسبت بہار میں کچھ نہیں ہوا جہاں نقصانات ہوئے ہیں وہاں حکومت متاثرین کی مدد کرے گی انہیں معاوضہ دلایا جائے گا ۔ مدرسہ عزیزیہ کو پھر سے آباد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر سریندر یادو آرجے ڈی میں بااثر افراد میں ایک ہیں وہ گزشتہ پینتیس برسوں سے گیا کے بیلاگنج اسمبلی حلقہ سے مسلسل جیت درج کررہے ہیں۔ آرجے ڈی کی حکومت میں جہاں پر کشیدگی پیدا ہوتی ہے وہاں امن وامان بحال کرنے کی ذمہ داری دیکر انہیں ہی بھیجا جاتاہے سریندر یادونے کہاکہ وہ ساسارام اور بہار شریف بھی جائیں گے اور پورا جائزہ لیکر حکومت اور آرجے ڈی کو رپورٹ دیں گے واضح ہوکہ رام نومی کے موقع پر بہار میں کئی جگہوں پر پرتشدد واقعات پیش آئے تھے اس معاملے میں بہار شریف میں اب تک ڈیڑھ سو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: Bihar Violence گیا میں فرقہ ورانہ تشدد کے بعد آج دونوں فرقے میں صلح

Last Updated :Apr 12, 2023, 12:37 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.