ETV Bharat / state

’جنگلی جانور کا تعاقب کرنے کے بجائے محکمہ کو مطلع کریں‘

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 6, 2024, 6:04 PM IST

وائلڈ لائف محکمہ کے عہدیدار کے ساتھ خصوصی بات چیت
وائلڈ لائف محکمہ کے عہدیدار کے ساتھ خصوصی بات چیت

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں گزشتہ چند دنوں سے لگاتار رہایشی علاقوں میں تیندوا دیکھے جانے کا ویڈیو وائرل ہونے سے مقامی آبادی میں تشویش کی لہر ہے۔

وائلڈ لائف محکمہ کے عہدیدار کے ساتھ خصوصی بات چیت

بارہمولہ: ’’موسم سرما کے دوران وادی کشمیر میں جنگلی جانوروں کا انسانی بستیوں کی جانب رخ کرنا معمول کا عمل ہے۔ اس صورتحال میں لوگوں کو جانور کا تعاقب کرنے، اسے پریشان کرنے سے گریز کرنا چاہئے، بلکہ ایسی صورتحال میں فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کرکے جنگلی جانور کو اپنے حال پر چھوڑ دینا چاہئے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار محکمہ وائلڈ لائف، بارہمولہ کے فارسٹر عبد القیوم نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کئی ایسی خبریں موصول ہوئیں، حتی کہ ویڈیوز بھی وائرل ہوئے جن میں جنگلی جانور انسانی بستیوں میں دیکھے گئے جس سے مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف، بارہمولہ کے فارسٹر عبدالقیوم خان نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ گزشتہ دنوں سے بارہمولہ کے رہائشی علاقوں میں تیندوا اور سیاہ ریچھ دیکھے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ سی سی ٹی وی میں ان کی نقل و حرکت دیکھنے کو ملی ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف ان جانوروں کو پکڑنے کے لیے لگاتار کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنگلی جانور اس لیے رہایش پذیر علاقوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں کیونکہ جنگلوں میں ان کو کھانا نہیں مل رہا ہے۔ شدید سردی اور جنگلات کے سکڑنے کی وجہ سے ان کو پیٹ بھرنے کے لیے بھٹکنا پڑتا ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ سڑکوں کے کنارے یا رہائشی مکان کے صحنوں میں ایسی چیزیوں، کھانے پینے کی اشیاء نہ پھینکنے کی اپیل کی ہے جن کو کھانے کے لیے جنگلی جانور بستی کی طرف رخ کریں۔

مزید پڑھیں: بارہمولہ: ریچھ اپنے بچوں سمیت انسانی بستی میں داخل

انہوں نے مزید کہا کہ عام طور پر جنگلی جانور خاص کر ریچھ اور تیندوا کھانے کی تلاش میں اور وہ بھی رات کے اوقات میں انسانی بستیوں کی جانب آتے ہیں اور کھانا ملنے یا نہ ملنے، دونوں صورتوں میں کچھ دیر بعد ہی واپس چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے رات کے اوقات میں اکیلے گھومنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے عوام سے گروپ کی شکل میں گھروں سے باہر نکلنے اور کسی بھی صورت میں جنگلی جانور دکھنے کے وقت اس کا پیچھا کرنے کے بجائے محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کرنے کی اپیل کی ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.