امرناتھ یاترا کی معطلی، سیاحت سے جڑے افراد مایوس

author img

By

Published : Jul 25, 2020, 5:33 PM IST

pahalgam

گزشتہ برس دفعہ 370 کی معطلی کے بعد بندشیں، امسال کووڈ 19 کی وجہ سے عائد لاک ڈاون اور اب امرناتھ یاترا کی منسوخی سے شعبہ سیاحت سے جڑے افراد کے چہروں پر مایوسی چھائی ہوئی ہے۔

وادی کشمیر میں وبائی صورت حال کے پیش نظر جہاں زندگی کا ہر ایک شعبہ متاثر ہوا ہے۔ وہیں کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی تصور کیے جانے والے شعبہ سیاحت سے جڑے افراد بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

امرناتھ یاترا کی معطلی، سیاحت سے جڑے افراد مایوس

خوبصورت پہاڑوں کے دامن میں واقع سیاحتی مقام پہلگام بھی سنسان ہے، سیاحوں کی غیر موجودگی سے اس شعبے سے وابستہ افراد کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال سے یہاں سناٹا چھایا ہوا ہے، وبائی صورت حال کے پیش نظر سیاحت سے وابستہ افراد فاقہ کشی کے شکار ہوئے ہیں۔

مقامی آبادی کا ماننا ہے کہ ہر برس کی طرح امسال بھی پہلگام کی آبادی امرناتھ یاترا کی منتظر تھی۔ تاہم وبا کے پیش نظر اسے بھی ملتوی کیا گیا جس کے بعد ان کی ساری امیدوں پر پانی پھر گیا۔

سالانہ امرناتھ یاترا کے لیے لاکھوں عقیدت مند مقدس گپھا کے درشن کے لیے پہلگام کے راستے سے جاتے تھے جس سے یہاں کے ہوٹل و ریسٹورنٹ مالکان کے علاوہ دکاندار، گھوڑے بان، مزدوروں اور گیسٹ ہاوس اونرس کی روزی روٹی کا بندوبست ہوتا تھا۔

ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے پہلگام کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ یہاں کی زیادہ تر آبادی شعبہ سیاحت کے ساتھ وابستہ ہے اور گزشتہ ایک برس سے شعبہ سیاحت پوری طرح ٹھپ ہے۔

بے پناہ حسن اور قدرتی نظاروں سے مالا مالا سیاحتی مقام پہلگام ان دنوں تشنہ سیاح ہے۔ سیاحوں کی آمد بند ہونے سے یہاں کی کثیر آبادی دوسروں کی مدد کی محتاج ہے۔

سیاحتی شعبے سے جڑے افراد نے انتظامیہ سے بازآبادکاری کی درخواست کی ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.