ETV Bharat / state

کوکرناگ: ٹرانسپورٹ کی قلت سے عوام پریشان

author img

By

Published : Feb 5, 2021, 5:20 PM IST

Lack Of Transport
ٹرانسپورٹ کے فقدان

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں محض ایک ہی سواری گاڑی دوڑتی نظر آتی ہے۔ سواری گاڑیوں کی کمی کی وجہ سے لوگ اس گاڑی پر اندر، باہر اور چھت پر بھی بیٹھ کر سفر کرتے ہیں۔

ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ کے پہاڑی علاقے اندرون اور اس سے متصل علاقوں کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے علاقے میں گاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حالیہ بھاری برف باری کی وجہ سے جہاں زراعت یا باغبانی کے شعبے سے جڑے لوگ کافی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں دوسری جانب گزشتہ دنوں ہوئی برفباری نے بہت سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

ٹرانسپورٹ کے فقدان

اندرون کے لوگوں کا کہنا ہے کہ برفباری سے پہلے سازگار موسم میں مذکورہ علاقے میں کئی گاڑیاں دوڑتی نظر آجاتی تھیں، لیکن حالیہ برفباری کے بعد وہ سب گاڑیاں چلنی بند ہو گئیں۔ حالانکہ علاقے کی رابطہ سڑکوں سے برف پہلے ہی ہٹا دی گئی ہے، اس کے باوجود اندرون اور اس متصل علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی قلت پائی جا رہی ہے، جس کے باعث اس پسماندہ علاقے کے لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ اندرون میں کئی سومو سواری گاڑیاں موجود ہیں۔ لیکن ان کے مالک اپنی مرضی کے مطابق چلاتے ہیں۔ علاقے میں اس وقت محض ایک ہی سومو سواری گاڑی دوڑتی نظر آتی ہے، جس کے اندر اور باہر چھت پر بھی لوگ بیٹھ کر سواری کرتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جس طرح سے لوگ ہوائی جہاز کی ٹکٹ کے لئے کئی روز قبل ٹکٹ بک کر کے رکھتے ہیں، ٹھیک اسی طرز پر انہیں سومو گاڑی کے لئے بھی ٹکٹ بک کر کے رکھنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوکرناگ: طبی سہولیات کا فقدان، عوام کو مشکلات کا سامنا

اندرون کانڑیورہ میں گاڑیاں دستیاب نہ ہونے کی صورت میں علاقے کے معذور افراد کو بھی تقریباً 10 کلومیٹر دور مہریپورہ تک کی مصافت کو پیدل ہی طے کرنا پڑتا ہے۔ پہاڑی رابطہ سڑک سے جہاں عام لوگوں کو کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہیں علاقے میں رہائش پذیر معذور افراد کو عبور و مرور میں شدید تر مشکلات سے جوجھنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب علاقے میں بیماروں کو ہسپتال پہنچانے میں کئی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

علاقے کے لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے یہ معاملہ موٹر ویکل ڈیپارٹمینٹ کے انسپکٹر منظور قریشی کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے ای ٹی وی بھارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ہفتے کے اندر اندر متعلقہ علاقے کے سومو سٹینڈس کے عہدیداروں کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھائیں گے، اور آبادی کے لحاظ سے مذکورہ علاقے میں ٹرانسپورٹ واگزار کروائیں گے۔ قریشی نے نمائندہ کو یقین دلایا کہ وہ علاقے کے لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے میں اپنا کلیدی رول نبھائیں گے، تاکہ لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ ممکن ہو سکے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.