ETV Bharat / state

Dandipora Park Dilapidated : دندی پورہ پارک تباہی کے دہانے پر

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 8, 2023, 3:01 PM IST

سیاحتی مقامات کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط بنانے اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو یہاں آنے کے لیے راغب کرنے کی غرض سے حکومتی سطح پر کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاہم بعض سیاحتی مقامات کی ڈیولپمنٹ کے تئیں متعلقہ ادارے خاص سنجیدہ نظر نہیں آ رہے، کوکرناگ علاقے کی دندی پورہ پارک اس کی ایک مثال ہے۔

دندی پورہ پارک تباہی کے دہانے پر
دندی پورہ پارک تباہی کے دہانے پر

دندی پورہ پارک تباہی کے دہانے پر

اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ میں واقع دندی پورہ پارک کو سال 2011 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ پارک کی زیب و زینت بڑھانے کے لیے اس پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے تھے مختلف اقسام کی لائٹس نصب کرنے کے ساتھ ساتھ فوارے بھی تعمیر کیے گئے تھے۔ جبکہ پارک کی دیکھ ریکھ کا ذمہ کوکرناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سپرد کر دیا گیا تھا۔ تاہم تعمیر کیے جانے کے کچھ عرصہ بعد ہی یہ پارک خستہ حال کی شکار ہو گئی۔

پارک میں داخل ہونے کے لیے سیاحوں کو 20 روپے انٹری فیس ادا کرنا پڑتا ہے، تاہم سیاحوں کا کہنا ہے کہ ’’پارک میں آنے کے بعد بیس پیسے بھی وصول نہیں ہوتے، کیونکہ یہاں سب کچھ ٹوٹا پھوٹا ہے، جگہ جگہ کوڑا کرکٹ ہے اور پارک میں بیٹھنے تک کے لیے بھی معقول جگہ نہیں۔‘‘ سیاحوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’پارک میں غیر مرتب جنگلی گھاس کے باعث یہاں آنے والے زمین پر دو منٹ بیٹھ بھی نہیں سکتے۔’’ یہاں آنے والے سیاحوں نے کوکرناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ جس سے نہ صرف سیاحتی مقام پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں بلکہ محکمہ سیاحت پر بھی کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

پارک میں جگہ جگہ گندگی پڑی ہوئی ہے جس کے سبب سیاح یہاں رکنا پسند نہیں کرتے۔ سیاحوں نے کہا: ’’تفریحی مقامات پر جانے کے بعد انسان کو سکون ملتا ہے لیکن دندی پورہ پارک میں آنے کے بعد یہاں ایک انسان سکون سے نہیں بیٹھ سکتا، جس کے سبب یہاں آنے کا مقصد ہی فوت ہو رہا ہے۔‘‘ مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اُس وقت کی حکومت کی جانب سے دندی پورہ پارک تعمیر کرنے اور اسے سیاحتی نقشے پر لانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا تھا، کیونکہ علاقے کے لوگوں کو اس پارک سے روزگار بھی فراہم ہو رہا تھا۔ تاہم دندی پورہ پارک کوکرناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی عدم دلچسپی کے باعث اب خستہ حالی کی شکار ہو چکی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’پارک میں سیاحوں کی دلچسپی یا دیکھنے لائق ایک بھی چیز نہیں ہے جس سے سیاح لطف اندوز ہو سکیں، جس کے سبب سیاح مایوس ہوکر واپس لوٹ رہے ہیں۔‘‘

مزید پڑھیں: Botanical Garden Kokernag: باٹینکل گارڈن میں برسوں سے گرے پڑے درخت، انہیں کون اٹھائے

مقامی باشندوں نے ڈیولپمنٹ اتھارٹی، محکمہ سیاحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’محکمہ کو جہاں اپنے مفادات نظر آتے ہیں وہ وہیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہیں۔ اس پارک سے محکمہ کو اب تک کروڑوں روپے کی آمدن حاصل ہوئی ہے، تاہم جب بھی اس پارک کی تزئین و آرائش کی بات آتی ہے تو کوکرناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے عہدیدار عدم توجہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔‘‘

معاملے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے یہ مسئلہ کوکرناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رومن احمد شیخ کی نوٹس میں لانا چاہا تاہم افسر اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے، حالانکہ نمائندے نے کئی بار ان سے فون پر بھی رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تاہم افسر سی ای او نے فون اٹھانے تک کی بھی زحمت گوارہ نہیں کی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.