ETV Bharat / state

Amarnath Yatra Arrangements امرناتھ یاترا کے لئے سیکوریٹی و دیگر تیاریاں مکمل

author img

By

Published : Jun 28, 2023, 8:38 PM IST

امرناتھ یاترا کے پُر امن انعقاد کے لئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکومت کا دعوی ہے کہ رواں برس تقریبا 9 لاکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔ جس کے لئے قبل از وقت تیاریاں کی گئیں ہیں۔

امرناتھ یاترا کے لئے حفاظت سمیت تمام تیاریاں مکمل
امرناتھ یاترا کے لئے حفاظت سمیت تمام تیاریاں مکمل

امرناتھ یاترا کے لئے حفاظت سمیت تمام تیاریاں مکمل

اننت ناگ: امرناتھ یاترا 2023 کے سلسلہ میں حفاظت سمیت تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 62 روز تک محیط امرناتھ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جبکہ 31 اگست کو اختتام ہوگی، حکومت کا دعوی ہے کہ رواں برس تقریبا 9 لاکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔ جس کے لئے قبل از وقت تیاریاں کی گئیں ہیں۔ پہلگام کے فرسکنگ پوائنٹ پر سکیورٹی سے متعلق تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یہاں پر آر ایف آئی ڈی، کے وائی سی، رجسٹریشن کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے کمپیوٹر سسٹم انسٹال کئے جا رہے ہیں۔ وہیں تلاشی اور سکیورٹی آلات جیسے میٹل ڈٹیکٹرز اور مانیٹرنگ سسٹم کو نصب کیا جا رہا ہے۔

امرناتھ یاترا کے پُر امن انعقاد کے لئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، نُن ون بیس کیمپ کے اطراف سکیورٹی کا سخت پہرہ بٹھا دیا گیا ہے اور بیس کیمپ کو چاروں طرف سے سیل کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے معقول انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے، پولیس، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی اور فوج کو شامل کیا گیا ہے۔ وہیں یاترا کی حفاظت کے لئے، سی آر پی ایف کی مزید 85 کمپنیاں بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں سی آر پی ایف کے وومنز دستے بھی شامل ہیں۔

وہیں انتظامیہ کی جانب سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کے لئے نیا ٹریفک پلان تیار کیا گیا ہے، جس میں یاترا کی کانوائی کے دوران سول ٹریفک کی نقل و حمل کو محدود رکھا گیا ہے، تاکہ یاترا کانوائی کی بلا خلل آمدو رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یاترا کے پیش نظر نو یوگا ٹنل قاضی گنڈ سے امرناتھ گھپا تک قبل ازوقت سکیورٹی کی تعیناتی کو عمل میں لایا گیا ہے۔

امرناتھ گھپا کے اطراف سی آر پی ایف کے بدلے، آئی ٹی بی کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ وہیں سکیورٹی فورسز کی جانب سے جگہ جگہ پر بنکرس اور بیرکیٹس لگا دئے گئے ہیں اور یاترا کی آمد کے سلسلہ میں خاص کر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے اور شناختی کارڈ چیک کئے جا رہے ہیں۔ بتادیں کہ شری امرناتھ شرائن بورڈ کی جانب سے امرناتھ یاترا کے لئے 17 اپریل سے آن لائن اور آف لائن طریقوں سے رجسٹریشن کی شروعات کی گئی تھی، جس کے بعد ابھی تک لاکھوں یاتریوں نے اپنا اندراج کرایا ہے۔

شرائن بورڈ کی جانب سے پوری دنیا کے عقیدت مندوں کے لئے صبح اور شام کے اوقات گھپا سے خصوصی پوجا کو براہ راست نشر کیا جائے گا، وہیں خصوصی ایپ کے ذریعہ یاتری موسم سے متعلق بر وقت معلومات حاصل کر سکتے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کے لئے ہیلی کاپٹر سروس سمیت انشورنس سہولت بھی مہیا رکھی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کے لئے بہتر طبی نگہداشت اور دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

پہلگام سے جانے والے یاتریوں کی خدمت کے لئے 11 ایمبولینسز سمیت 700 طبی اور نیم طبی عملہ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ 28 مقامات پر میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔وہیں یاترا سے قبل ٹیلی کام خدمات، قیام و طعام، بجلی، پانی اور دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے، عہدیداران کی جانب سے یاتریوں کو خدمت فراہم کرنے والے انجمنوں اور متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان بہتر میل کو ممکن بنانے کے لئے مختلف پہلوؤں کا لگاتار جائزہ لیا جا رہا ہے۔

وہیں امرناتھ گھپا تک کئے گئے تمام تر انتظامات کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ یاترا بالتل اور چندن واڑی کے دونوں ٹریکس سے ایک ساتھ شروع ہوگی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹریکس کی مرمت کا کام پہلی بار بی آر او کو سونپا گیا تھا، جنہوں نے جدید ٹیکنولوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹریکس کی تجدید و مرمت کا کام تقریبا مکمل کیا ہے اور کئی جگہوں پر مرمت کا کام آخری مرحلہ میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: Kashmiris Wait For Amarnath Yatra کشمیری امرناتھ یاترا کا کر رہے ہیں بے صبری سے انتظار

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.