ETV Bharat / sports

Australia vs South Africa ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی سب سے بڑی شکست، جنوبی افریقہ نے 134 رنز سے شکست دی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 12, 2023, 10:50 PM IST

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے شکست دے دی۔ لکھنؤ میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں آسٹریلیا 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی سب سے بڑی شکست
ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی سب سے بڑی شکست

حیدرآباد: عالمی کپ میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان بلاک بسٹر میچ کھیلا گیا۔ لکھنؤ کے ایکنا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں آسٹریلیا 40.5 اوورز میں 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

یہ رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی مسلسل دوسری فتح تھی۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ مہم کا شاندار آغاز کیا تھا۔ دوسری جانب آسٹریلیا کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔ آسٹریلیا کو اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں رنز کے لحاظ سے آسٹریلیا کی سب سے بڑی شکست ہے۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور پاور پلے میں اس کی تین وکٹیں گر گئیں۔ سب سے پہلے مچل مارش مارکو جانسن کی گیند پر ٹیمبا باوما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈیوڈ وارنر بھی 13 رنز کے ذاتی سکور پر پویلین چلے گئے۔ لنگی نگیڈی نے وارنر کو آؤٹ کیا۔ اسٹیو اسمتھ بھی 19 رنز بنانے کے بعد کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

آسٹریلیا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔جوش انگلش اور مارکس اسٹوئنس کو کاگیسو ربادا نے آؤٹ کیا۔ وہیں میکسویل کیشو مہاراج کی اسپن میں پھنس گئے۔ 70 رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد مارنس لیبوشین اور مچل اسٹارک نے مل کر 69 رنز کی شراکت قائم کی اور آسٹریلیا کو 150 رنز کے قریب پہنچا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: روایتی حریف پاکستان سے مقابلے کے لیے بھارتی ٹیم احمد آباد پہنچ گئی

مارکو جانسن نے مچل اسٹارک کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اسٹارک نے 51 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ سٹارک کے بعد مارنس لیبوشگن بھی کیشو مہاراج کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ یہاں سے جنوبی افریقہ کے لیے جیتنا آسان ہو گیا۔ آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے مارنس لیبوشگن نے سب سے زیادہ 46 رنز (74 گیندوں، تین چوکے) بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مارکو جانسن، تبریز شمسی اور کیشو مہاراج نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.