ETV Bharat / sports

Asian Games 2023 ہندوستان نے بیڈمنٹن میں جیتا چاندی کا تمغہ

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 1, 2023, 10:32 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

چین میں جاری ایشیائی کھیلوں میں لکشیا سین اور ساتوک سائراج رنکی ریڈی-چراغ شیٹی نے آج اپنے میچ جیت لیے، لیکن کدامبی سری کانت، متھن منجوناتھ اور دھرو کپیلا-سائی پرتیک کرشنا پرساد کے ہارنے کی وجہ سے ہندوستان کو 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ہانگژو: ہندوستانی مرد بیڈمنٹن ٹیم کو اتوار کو ایشیائی کھیلوں میں بیڈمنٹن ٹیم ایونٹ کے فائنل میں چین کے خلاف 2-3 سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے جیتا ہے۔چین میں جاری ایشیائی کھیلوں میں لکشیا سین اور ساتوک سائراج رنکی ریڈی-چراغ شیٹی نے آج اپنے میچ جیت لیے، لیکن کدامبی سری کانت، متھن منجوناتھ اور دھرو کپیلا-سائی پرتیک کرشنا پرساد کے ہارنے کی وجہ سے ہندوستان کو 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ہندوستانی مردوں کی ٹیم کے لئے لکشیا سین نے ٹائی کی شاندار شروعات کی اور ہندوستان کو جیت کے ساتھ 1-0 کی برتری دلائی۔ کامن ویلتھ گیمز کے چیمپئن اور عالمی نمبر 14 ہندوستانی شٹلر نے ٹائی کے پہلے میچ میں چین کے یوکی شی کو شکست دی۔ 84 منٹ تک جاری رہنے والے انتہائی دلچسپ مقابلے میں لکشیا سین نے 22-20، 14-21، 21-18 سے کامیابی حاصل کی۔
اچھی شروعات کرتے ہوئے لکشیا سین پہلے گیم کے وقفے پر 11-6 سے آگے تھے۔ انہوں نے اپنی برتری برقرار رکھی اور اسکور کو 14-9 تک پہنچا دیا۔ تاہم چینی شٹلر نے سخت مقابلے کے ساتھ واپسی کی اور 20-19 کی برتری حاصل کی۔ لیکن لکشیا سین نے بالآخر 22-20 کے فرق سے گیم جیت لیا۔


شی نے دوسرے گیم کو کنٹرول کرتے ہوئے 21-14 سے کامیابی حاصل کی اور میچ کو تیسرے گیم تک پہنچا دیا جہاں لکشیا سین ایک بار پھر حاوی رہے۔ لکشیا نے تیسرا گیم 21-18 سے جیت کر ہندوستانی ٹیم کو زبردست شروعات دی۔
عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ساتوک سائراج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی مردوں کی جوڑی نے ٹائی کے دوسرے میچ میں ویچینگ لیانگ اور چانگ وانگ کی چینی جوڑی کو سیدھے گیمز میں 21-15، 21-18 سے شکست دے کر ہندوستان کی برتری کو 2-0 کردیا۔


اس کے بعد ہندوستانی ٹیم کو لگاتار دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے مقابلہ 2-2 سے برابر ہوگیا۔ پانچ میچوں کی ٹائی میں دو میچ جیتنے کے بعد، ہندوستان کے کدامبی سری کانت کو چین کے شیفینگ لی کے خلاف 22-24، 9-21 سے شکست ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی، سائی پرتیک کرشنا پرساد اور دھرو کپیلا کی ہندوستانی جوڑی بھی یوچن لیو اور زونائی اوو کے خلاف سیدھے گیمز میں 6-21، 15-21 سے ہار گئی۔

ٹائی کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں چین کے ہانگ یانگ وینگ نے 60 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں متھن منجوناتھ کو 21-12، 21-4 سے شکست دی۔ شروع میں ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کئی اچھی ریلی دیکھنے کو ملی۔ لیکن میچ میں ہانگ یانگ وینگ نے متھن کو بیک ہینڈ پر اسمیش شاٹس کھلا تے ہوئے کافی پریشان کیا۔واضح رہے کہ چوٹ کی وجہ سے ہندوستانی شٹلر ایچ ایس پرنئے اس فائنل میچ کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔اس طرح ہندوستانی ٹیم کو سونے کے تمغے کے مقابلے میں چین کے خلاف 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اسے چاندی کے تمغے پر ہی مطمئن ہونا پڑا۔

مزید پڑھیں: Asian Games 2023 ایشیاڈ میں مردوں کی شوٹنگ ٹیم نے طلائی، خواتین کی ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا
ہندوستانی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم نے طلائی تمغہ جیتنے کے اپنے سفر میں پہلے کوارٹر فائنل میں نیپال کو 3-0 سے شکست دی جس کے بعد اس نے سیمی فائنل میں کوریا کو 3-2 سے شکست دی۔ مردوں کی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بائی ملا۔
اس سے قبل ہندوستانی خاتون بیڈمنٹن ٹیم کا سفر کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد ختم ہو گیا تھا۔ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی اب پیر کو سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے کی کوشش کریں گے۔
(یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.