ETV Bharat / sports

Australia sweep South Africa تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو کلین سویپ کر دیا

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 3, 2023, 10:47 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کے بعد جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 20 اوورز میں 191 رن کا ہدف دیا جسے مہمان ٹیم آسٹریلیا نے 13 گیندیں باقی رہتے ہی بآسانی حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ آسٹریلیا نے یہ سیریز 3-0 اپنے نام بھی کر لی۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو پہلے میچ میں 111 رنز جبکہ دوسرے میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ South Africa vs Australia 3rd T20

ڈربن: آسٹریلیا نے شان ایبٹ (31/4) کی جارح بالنگ اور ٹریوس ہیڈ (48 گیندوں، 91 رن) کی شاندار بلے بازی کی بدولت میزبان جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی 20 میں اتوار کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-0 جیت لی۔ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کے بعد جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 20 اوورز میں 191 رن کا ہدف دیا جسے مہمان ٹیم نے 13 گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔

ٹیمبا باووما اور میتھیو بریٹزک کے چھوٹے اسکور پر آؤٹ ہونے کے باوجود ریزا ہینڈرکس نے 30 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ کپتان مارکرم (23 گیندوں، 41 رنز) نے ہینڈرکس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 58 رنز کی شراکت داری کرکے پروٹیاز کی اننگز کو سنبھالا، اگرچہ ایبٹ نے مارکرم کو پویلین بھیج کر یہ شراکت توڑ دی۔

تنویر سنگھا کی گیند پر ہینڈرکس کا وکٹ گرنے کے باوجود جنوبی افریقہ اچھی پوزیشن میں دکھائی دے رہا تھا، لیکن ایبٹ نے 14ویں اوور میں کوئی رن دیے بغیر دو وکٹ حاصل کئے، جس کے تعلق سے میزبان ٹیم کو 122/6 کے اسکور پر مشکلات کا سامنا کرتا ہوا چھوڑ دیا۔

نوجوان بلے باز ڈونوون فریرا نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلتے ہوئے 21 گیندوں میں ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 48 رنز بناکر جنوبی افریقہ کو 20 اووروں میں 190 رن کے مشکل اسکور تک پہنچانے میں مدد کی۔ تاہم یہ اسکور آسٹریلیا کے لیے کوئی پریشانی پیدا نہ کر سکا۔ پوری سیریز میں جارحانہ بیٹنگ کرنے والی کنگارو ٹیم نے اس بار بھی تابڑ توڑ آغاز کیا اور دو وکٹ گنوانے کے باوجود پاور پلے میں 63 رن کا اضافہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

اس بار ہیڈ نے آسٹریلیا کی دھماکہ خیز بیٹنگ کی قیادت کی اور میچ وننگ اننگز میں آٹھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر 91 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ جوش انگلش نے بھی 22 گیندوں پر ایک چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے 42 رنوں کو تعاون دیا۔ ہیڈ اور ٹم ڈیوڈ (ایک) ہدف کے قریب آکر آؤٹ ہوئے لیکن مارکس اسٹونیس (21 گیندیں، 37 رنز ناٹ آؤٹ) نے 18ویں اوور کی پانچویں گیند پر فاتحانہ رن بنا کر کنگارو ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی۔ (یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.