ETV Bharat / sports

سپر اوور میں روہت شرما کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے پر تنازعہ، کیا کہتے ہیں آئی سی سی کے قوانین؟

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 18, 2024, 3:31 PM IST

Rohit Sharma Retired Hurt افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما کے پہلے سپر اوور میں ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد دوسرے سپر اوور میں دوبارہ بیٹنگ کے لیے آنے پر نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

Rohit Sharma Retired Hurt
سپر اوور میں روہت شرما کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے پر تنازعہ، کیا کہتے ہیں آئی سی سی کے قوانین

نئی دہلی: بھارت اور افغانستان کے درمیان بدھ کو بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ کافی زیادہ دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، کیونکہ اس میچ میں کرکٹ شائقین کو وہ سب کچھ دیکھنے کو ملا جو وہ اسٹیڈیئم میں دیکھنا چاہتے تھے۔ یہ میچ ٹائی ہونے کی وجہ سے سپر اوور میں چلا گیا تھا لیکن پہلا سپر اوور بھی ٹائی ہوگیا جس کی وجہ سے اس میچ کا نتیجہ دوسرے سپر اوور میں آیا۔ اس میچ میں روہت شرما پہلے سپر اوور کے بعد دوسرے سپر اوور میں بھی بیٹنگ کے لیے آئے جس کی وجہ سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔

بھارتی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے تھے۔ جس کے جواب میں افغانستان کی ٹیم بھی 6 وکٹوں پر 212 رنز بنا سکی اور میچ سپر اوور میں چلا گیا۔ افغانستان نے پہلے سپر اوور میں 16 رنز بنائے اور بھارت کے 17 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے روہت شرما اور یشسوی جیسوال کریز پر آئے۔ اس کے بعد روہت شرما نے پہلے سپر اوور کی آخری گیند پر خود کو ریٹائرڈ ہرٹ قرار دیا اور پویلین لوٹ گئے اور جب پہلا سپر اوور ٹائی ہوا تو دوسرے سپر اوور میں بھی روہت بیٹنگ کے لیے آئے۔ روہت کے دوسرے سپر اوور میں ریٹائرڈ ہرٹ کے بعد بلے بازی کے لیے واپس آنے پر اب تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔

آئی سی سی کے قوانین: مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آئی سی سی کے قوانین کے مطابق پہلے سپر اوور میں آؤٹ ہونے والا کوئی بھی بلے باز دوسرے سپر اوور میں بیٹنگ کے لیے نہیں آ سکتا۔ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ آیا روہت شرما پہلے سپر اوور کی آخری گیند پر 'ریٹائرڈ آؤٹ' ہوئے تھے یا 'ریٹائرڈ ہرٹ' ہو کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹ گئے تھے۔

آئی سی سی کے قوانین کی شق 25.4.2 میں کہا گیا ہے کہ جب کوئی بلے باز بیمار یا اچانک زخمی ہو جائے تو ریٹائرڈ ہرٹ ہو سکتا ہے۔ ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد بلے باز دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں آ سکتا ہے۔ جبکہ ریٹائرڈ آوٹ ہونے کے بعد وہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے نہیں آ سکتے۔ آئی سی سی کے قوانین کے ہی مطابق کسی اور وجہ سے ریٹائر ہونے والا بلے باز صرف مخالف کپتان کی رضامندی سے ہی دوبارہ بیٹنگ کرنے آ سکتا ہے۔ روہت کی دوبارہ انٹری اپوزیشن کے کپتان ابراہیم زدران کی رضامندی سے ہوئی تھی۔

میچ کے بعد کی پریس کانفرنس میں افغانستان کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ کے بیان نے اشارہ دیا کہ دونوں ٹیمیں ڈبل سپر اوور کے قوانین کے بارے میں الجھن کا شکار تھیں۔ ٹراٹ نے کہا، 'مجھے کوئی اندازہ نہیں ہے۔ کیا کبھی دو سپر اوور ہوئے ہیں؟ میں یہی کہنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ یہ ہمارے لیے بالکل نیا تھا۔ ہم نئے قوانین کی جانچ کرتے رہے اور ہم آخر تک رہنما اصولوں کی ہی جانچ کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں:

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.