ETV Bharat / sports

IPL 2023 Final ایم ایس دھونی ریکارڈ پانچویں آئی پی ایل خطاب سے ایک قدم دور

author img

By

Published : May 28, 2023, 3:39 PM IST

IPL 2023 Final
آئی پی ایل 2023 کا فائنل

مہندر سنگھ دھونی چنئی کے کپتان کے طور پر کل 10 آئی پی ایل فائنل کھیل چکے ہیں۔ دو سال کی پابندی کے باوجود چنئی سب سے زیادہ آئی پی ایل جیتنے کے معاملے میں ممبئی انڈینز سے ایک قدم پیچھے ہے۔ دھونی اتوار کو ایک اور آئی پی ایل فائنل جیت کر ممبئی کے پانچ مرتبہ خطابی جیت کی برابری کرنا چاہیں گے۔

احمد آباد: آئی پی ایل 2023 کا سیزن شبھمن گل، یشسوی جیسوال اور تلک ورما جیسی ابھرتی ہوئی نوجوان صلاحیتوں کے لیے پہچانا جا سکتا ہے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس سیزن کو ایشانت شرما، پیوش چاولہ اور موہت شرما جیسے بھولے بسرے گیندبازوں کی دھماکے دار واپسی کے لیے بھی یاد کیا جائے۔ ممکن ہے کہ یہ سیزن اپنے سانس روک دینے والے سنسنی خیز میچوں اور بے مثال ریکارڈوں کے لیے بھی جانا جائے، لیکن غالب امکان ہے کہ آئی پی ایل 2023 کو دھونی کے آخری کرکٹ ٹورنامنٹ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

لہذا جب مہندر سنگھ دھونی اتوار کو آئی پی ایل فائنل میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف ممکنہ طور پر آخری بار اپنی پیلی جرسی پہن کر اتریں گے، تو وہ چنئی سپر کنگز کو ریکارڈ پانچویں مرتبہ چیمپئن بنانا چاہیں گے۔ دھونی چنئی کے کپتان کے طور پر کل 10 آئی پی ایل فائنل کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے اپنا پہلا آئی پی ایل فائنل 2008 میں شین وارن کی راجستھان رائلز کے خلاف کھیلاتھا۔ ٹیمیں اور کپتان نسل در نسل بدلتے رہے لیکن دھونی نے اپنی چمک سے آئی پی ایل کے آخری مراحل کو روشن رکھا۔ فرنچائزی کے لئے دو سال کی پابندی کے باوجود، چنئی سب سے زیادہ آئی پی ایل جیتنے کے معاملے میں ممبئی انڈینز (پانچ) کے بعد سے پیچھے ہے۔ دھونی اتوار کو ایک اور آئی پی ایل فائنل جیت کر ممبئی کے ریکارڈ کی برابری کرنا چاہیں گے۔

تاہم گجرات کے ہوم گراؤنڈ نریندر مودی اسٹیڈیم میں یہ آسان نہیں ہوگا۔ سلامی بلے باز شبھمن گل گزشتہ چار میچوں میں تین سنچری اسکور کرتے ہوئے شاندار فارم میں ہیں اور نریندر مودی اسٹیڈیم میں ان کی فارم کا الگ ہی رنگ نظر آتا ہے۔ گِل اس گراؤنڈ پر 11 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 70.00 کی اوسط اور 157.50 کے اسٹرائیک ریٹ سے 630 رن بناچکے ہیں، جس میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ممبئی کے خلاف دوسرے کوالیفائر میں 60 گیندوں پر 129 رنز کی ان کی دھماکہ خیز اننگ نے چنئی کو چوکنا کردیا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:

گِل، ہاردک پانڈیا اور ڈیوڈ ملر جیسے بلے بازوں کے ساتھ گجرات کی گیندبازی بھی کچھ کم نہیں ہے۔ محمد شامی (28)، راشد خان (25) اور موہت شرما (23) آئی پی ایل 2023 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند بازوں کی فہرست میں بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ یہ اعداد و شمار ہی پانڈیا کی ٹیم کی گیند بازی کی بالادستی کی گواہی دینے کے لیے کافی ہے۔

اس بولنگ اٹیک کو بے اثر کرنے کے لیے دھونی کی ٹیم اپنے سلامی بلے بازوں پر انحصار کرے گی۔ ڈیون کونوے اور روتوراج گائیکواڑ کے بلوں سے نکلے رن کئی مواقع پر چنئی کے لیے قیمتی ثابت ہوئے ہیں، جس کی بنیادی وجہ مڈل آرڈر کی ناکامی ہے۔ سیزن کی زبردست شروعات کرنے والے اجنکیا رہانے گزشتہ چند میچوں میں زیادہ اثر نہیں دکھا سکے، جبکہ معین علی اور امباتی رائیڈو کا بھی سیزن معمولی رہا ہے۔ گیند سے چنئی کو متعدد میچوں میں کامیابی دلانے والے رویندر جڈیجہ سے فنشر کا کردار ادا کرنے کی امید کی جاتی ہے لیکن وہ اس سال اس کردار میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

شیوم دوبے کے علاوہ چنئی کے مڈل آرڈر بلے بازوں میں سے کوئی بھی مستقل مزاجی کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا ہے اور فائنل میں بھی اس نوجوان سے چنئی کو لمبے لمبے چھکوں کی امید ہوگی۔ عام طور پر تجربہ کار کھلاڑیوں پر انحصار کرنے والی چنئی اس سال دوبے، متھیشا پتھیرانا اور مہیش تیکشنا جیسے نوجوانوں کے دم پر ہی کامیاب ہوئی ہے۔ ان نوجوانوں کا بے خوف انداز چنئی کو چیمپئن بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔ آخر کار، خطابی مقابلے میں دیپک چاہر چنئی کا ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگر یہ باصلاحیت سوئنگ باؤلر ابتدائی اوورز میں گِل سمیت گجرات کے کچھ ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو آؤٹ کردیتا ہے تو میچ میں چنئی کا پلڑا بھاری ہوجائے گا۔ (یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.