ETV Bharat / sports

KKR vs GT Match Preview: گجرات اور کولکاتا کے درمیان دلچسپ مقابلے کی امید

author img

By

Published : Apr 23, 2022, 12:33 PM IST

Kolkata Knight Riders vs Gujarat Titans
Kolkata Knight Riders vs Gujarat Titans

آئی پی ایل کا 35واں میچ کولکاتا نائٹ رائیڈرز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔ Kolkata Knight Riders vs Gujarat Titans

آئی پی ایل 2022 پوائنٹس ٹیبل میں نمبر 2 پر قابض گجرات ٹائٹنز کو اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے آج ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں ہونے والے اپنے میچ میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کو قابو میں رکھنا ہوگا۔ ہاردک پانڈیا کو چوتھے نمبر پر بلے بازی کرانے کاگجرات ٹائٹنز انتظامیہ کا فیصلہ ٹیم کے ٹاپ پر برقرار رہنے کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔ ہاردک پانڈیا پانچ میچوں میں 228 رن بنا کر گجرات کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔ ہاردک پانڈیا اب تک گیند بازی میں چار وکٹ لے چکے ہیں لیکن کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ان کا ریکارڈ اچھا ہے۔ کولکاتہ کے خلاف انہوں نے 9 میچوں میں 11 وکٹ اپنے نام کئے ہیں۔ اس دوران انہوں نے فی اوور6.91 کی اکانومی سے رنز خرچ کیے ہیں۔ IPL Match Preview

اس کے علاوہ گجرات ٹائٹنز کے ڈیوڈ ملر نے چنئی سُپر کنگز کے خلاف گزشتہ میچ میں 51 گیندوں پر 94 رنز کی طوفانی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔ مِلر ٹی 20 میں 2021 کے بعد ڈیتھ اوورز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے اس مدت میں ڈیتھ اوورز کے دوران 228 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 191.66 کے اسٹرائیک ریٹ سے 437 رنز بنائے ہیں۔

دوسری جانب کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کی امیدوں کا دار و مدار اس کے کپتان شریس ایر اور آل راؤنڈر آندرے رسل کی بازیگری پر منحصر ہو گا۔ ایر اس سیزن میں اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے 148.42 کے اسٹرائیک ریٹ سے اب تک 236 رنز بنائے ہیں۔ وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں راشد خان کے خلاف دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔ ایر نے راشد کی 77 گیندوں پر 83 رنز بنائے ہیں جب کہ راشد نے انہیں دو بار آؤٹ کیا ہے۔ اس کے علاوہ آندرے رسل نے اس سیزن میں آل راؤنڈر کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک 177.22 کے اسٹرائیک ریٹ سے 179 رنز بنانے کے علاوہ 7 میچوں میں 6 وکٹ بھی اپنے نام کئے ہیں۔

گجرات کے تیز گیند باز لوکی فرگوسن پہلی بار اپنی پرانی فرنچائزی کولکاتہ کا سامنا کریں گے۔ وہ اس سیزن میں گجرات کے لیے محمد شامی کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند باز ہیں۔ دونوں نے آٹھ آٹھ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ راجستھان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں فرگوسن نے 23 رنز دے کر تین وکٹ لیے تھے۔ گزشتہ چند میچوں میں گجرات ٹائٹنز کے لیے کار آمد اننگز کھیلنے والے ابھینو منوہر ٹیم کی بیٹنگ کی ایک اہم کڑی ہیں۔ حالیہ میچوں میں انہوں نے 21 گیندوں میں 35 رنز اور 28 گیندوں میں 43 رنز بنائے ہیں۔ اس سیزن میں انہوں نے 151.42 کے اسٹرائیک ریٹ سے 106 رنز بنائے ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.