ETV Bharat / sports

India Legends vs Australia Legends آسٹریلیا لیجنڈز کو شکست دے کر انڈیا لیجنڈز لگاتار دوسری بار فائنل میں

author img

By

Published : Sep 30, 2022, 9:29 AM IST

آسٹریلیا لیجنڈز کو شکست دے کر انڈیا لیجنڈز لگاتار دوسری بار فائنل میں
آسٹریلیا لیجنڈز کو شکست دے کر انڈیا لیجنڈز لگاتار دوسری بار فائنل میں

روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کے پہلے سیمی فائنل میچ میں انڈیا لیجنڈس نے آسٹریلیا لیجنڈس کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر لگاتار دوسری بار فائنل میں جگہ بنالی۔ India Legends beat Australia Legends

رائے پور: روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کی دفاعی چیمپئن انڈیا لیجنڈس نے نمن اوجھا (ناٹ آؤٹ 90) اور عرفان پٹھان (ناٹ آؤٹ 37 رن) کی نایاب اننگز کی بدولت شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں آسٹریلیا لیجنڈز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایک بار پھر ٹورنامنٹ کے فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا۔ Road Safety World Series first Semi Final

گزشتہ سال فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کے پہلے ایڈیشن کا خطاب جیتنے والی انڈیا لیجنڈز نے آسٹریلیا کی طرف سے دئے گئے 172 رنوں کے ہدف کو 19.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوجھا نے 62 گیندوں کی اپنی ناقابل شکست اننگ میں سات چوکے اور پانچ چھکے لگائے، جبکہ اس میچ کو انڈیا لیجنڈز کی جانب موڑنے والے عرفان نے 12 گیندوں میں چار چھکے اوردوچوکے لگائے۔ نمن اور عرفان نے چھٹے وکٹ کے لیے 22 گیندوں پر 50 رنوں کی شراکت داری کرکے انڈیا لیجنڈز کو ہدف تک پہنچا دیا۔

ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا لیجنڈز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 171 رنز بنائے۔ کنگارؤں نے بدھ کو بارش کی وجہ سے کھیل روکے جانے سے قبل 17 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 136 رن بنائے تھے۔ اگلے دن جمعرات کو جب دوپہر کے وقت کھیل شروع ہوا توآسٹریلیا نے تیز رفتاری سے کھیلتے ہوئے 18 گیندوں میں 35 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان شین واٹسن نے 30، ایلکس ڈولن نے 35، بین ڈنک نے 46 اور کیمرون وائٹ نے 35 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بلے باز بریڈ ہیڈن 12 رنوں پرناٹ آؤٹ لوٹے۔ انڈیا لیجنڈز کی جانب سے یوسف پٹھان اور ابھیمنیو متھن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ راہل شرما کو ایک کامیابی ملی۔ واٹسن اور ڈولن نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 43 گیندوں پر 70 رنز کی شراکت قائم کی۔ واٹسن 21 گیندوں پر 6 چوکے لگانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ڈولن بھی زیادہ دیر نہ چل سکے اور 78 کے مجموعی اسکور پر 31 گیندوں میں پانچ چوکے لگانے کے بعد یوسف کا شکار ہوئے۔

یوسف نے کیلم فرگوسن (10) اور متھن نے ناتھن ریارڈن (5) کو زیادہ دیر ٹکنے نہیں دیا لیکن بین ڈنک نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے شائقین کو محظوظ کیا۔ ڈنک نے 131 رنوں کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹنے سے قبل 26 گیندوں میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس کے بعد ہیڈن وکٹ پر آئے لیکن ساتھ ہی بارش بھی آگئی۔ بارش کے باعث بدھ کوآگےکا مقابلہ نہیں ہوسکا اوراسے جمعرات کو وہیں سے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جہاں یہ روکا گیا تھا۔ اس وقت وائٹ چھ اور ہیڈن ایک رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔

آسٹریلیا کے 171 رنوں کے جواب میں ہندوستان نے بھی اچھی شروعات کی۔ کپتان سچن ٹندولکر (10) اور نمن اوجھا نے پہلے وکٹ کے لیے 32 گیندوں میں 38 رنز جوڑے۔ تاہم، سچن بڑا اسکور نہیں کر سکے اور اسی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ سچن نے 11 گیندوں کا سامنا کیا اور دو چوکے لگائے۔

اس کے بعد سریش رینا (11) بھی سستے میں آؤٹ ہو گئے لیکن اوجھا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور ٹیم کو 100 رنز سے آگے لے گئے۔ اوجھا نے 35 گیندوں میں اپنی ففٹی مکمل کی۔ یوراج سنگھ (18)، اسٹورٹ بنی (02) اور یوسف پٹھان (01) کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان نے 125 رنز پر پانچ وکٹ گنوا دیے جبکہ ٹیم کو ابھی 26 گیندوں پر 47 رنز درکار تھے۔

یہ بھی پڑھیں: روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز: انڈیا لیجنڈس نے سیریز پر کیا قبضہ

اس کے بعد عرفان نے اوجھا کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کو ایک مشکل حالات سے ایسی حالت میں پہنچا دیا جہاں انڈیا لیجنڈز کو جیت کے لیے 10 گیندوں پر صرف 11 رنوں کی ضرورت تھی۔ عرفان نے ڈرک نینس کے ذریعہ ڈالے گئے 19ویں اوور میں تین چھکے لگا کر ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔ آسٹریلیا لیجنڈز کی جانب سے نیتھن ریارڈن، برائس میک گین، جیسن کریزا نے ایک ایک وکٹ لیا جبکہ کپتان واٹسن کو دو کامیابی ملی۔ سچن ٹندولکرکی کپتانی والی انڈیا لیجنڈز فائنل میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز میں سے کسی ایک سے مقابلہ کرے گی۔ یہ دونوں ٹیمیں جمعہ کو دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.