ETV Bharat / sports

سابق آسٹریلوی کھلاڑی اپنے ہی ملک کے کھلاڑی کو دی جانے والی بڑی قیمت سے حیران

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 21, 2023, 3:36 PM IST

جیسن گلیسپی نے آئی پی ایل کی نیلامی میں آسٹریلوی کپتان کو ملنے والی بڑی رقم پر سوال اٹھایا ہے۔ سن رائزرس حیدرآباد نے آسٹریلیا کے تیز گیند باز پیٹ کمنز کو خریدنے کے لیے 20.50 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔

Jason Gillespie Surprised on Pat Cummins valuation in ipl auction
سابق آسٹریلوی کھلاڑی اپنے ہی ملک کے کھلاڑی کو دی جانے والی بڑی قیمت سے حیران

سڈنی: سابق آسٹریلوی تیز گیند باز جیسن گلیسپی نے انڈین پریمیئر لیگ کی نیلامی میں پیٹ کمنز کو دی جانے والی بڑی رقم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس تیز گیندباز کے لیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بہترین فارمیٹ نہیں ہے۔ لیکن انہوں نے مچل اسٹارک کو 24.75 کروڑ روپے میں فروخت ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو دبئی میں منعقدہ آئی پی ایل نیلامی 2024 میں ممبئی انڈینز، رائل چیلنجرز بنگلور، چنئی سپر کنگز اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان بولی کی جنگ کے بعد پیٹ کمنز کو آئی پی ایل کی تاریخ میں دوسری سب سے بڑی رقم میں فروخت کیا گیا۔ سن رائزرس حیدرآباد نے آسٹریلوی کپتان کو خریدنے کے لیے 20.50 کروڑ روپے خرچ کیے۔

جیسن گلیسپی نے 'سین ریڈیو' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیٹ یقینی طور پر بہترین گیندباز کے ساتھ ساتھ بہترین کپتان بھی ہیں جسے ہم نے ورلڈ کپ میں دیکھا ہے، لیکن میرے خیال میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اس کا بہترین فارمیٹ نہیں ہے بلکہ وہ ٹیسٹ کے بہترین گیندباز ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ ہی ان کی آمدنی کا ذریعہ ہے۔

جیسن گلیسپی نے مچل اسٹارک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کے اچھے باؤلر ہیں، اس میں کوئی شک نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پیٹ کمنز کی فروخت کے فوراً بعد مچل اسٹارک آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے جب انہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24.75 کروڑ روپے میں خرید لیا۔ مچل اسٹارک نے آئی پی ایل میں صرف دو سیزن ہی کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 27 میچوں میں 34 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

جیسن گلیسپی نے کہا کہ میرے خیال میں وہ ایک لاجواب کھلاڑی ہے اور یہ بہت بڑی رقم ہے۔ لیکن آئی پی ایل بھی ایک بہت بڑا ٹورنامنٹ ہے۔ میں مچل کے لیے بہت خوش ہوں۔ جیسن گلیسپی نے مزید کہا کہ اس پر اتنی بڑی رقم لگانے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیمیں بائیں ہاتھ کی تیز گیند بازی اور بائیں ہاتھ کی سوئنگ باؤلنگ کو کتنی اہمیت دیتی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پیٹ کمنز کو آئی پی ایل نیلامی میں اتنی بڑی رقم ملی ہو، اس سے قبل 2020 کے ایڈیشن سے پہلے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ان کی خدمات حاصل کرنے کے لیے 15.5 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔کمنز نے 50 T20 بین الاقوامی میچوں میں 55 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

آئی پی ایل کی تاریخ کے تین مہنگے ترین کھلاڑی

  • مچل اسٹارک (آسٹریلیا) 24.75 کروڑ، ٹیم کولکاتہ (2024)
  • پیٹ کمنز (آسٹریلیا) 20.50 کروڑ، ٹیم حیدرآباد (2024)
  • سیم کرن (انگلینڈ) 18.5 کروڑ، ٹیم پنجاب کنگز (2023)

یہ بھی پڑھیں:

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.