ETV Bharat / sports

بنگلادیشی کھلاڑی نے 14 سال پرانا ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 20, 2023, 3:56 PM IST

Soumya Sarkar New Record نیوزی لینڈ میں برصغیر کے کسی کھلاڑی کا ون ڈے میچوں میں انفرادی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اب بنگلہ دیش کے سلامی بلے باز سومیا سرکار کے نام ہوگیا ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارتی کرکٹ ٹیم کے عظیم بلے باز ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کے نام تھا۔

Bangladesh opener Soumya Sarkar
بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز سومیا سرکار

نیلسن: نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے یک روزہ بین الاقوامی میچ میں بنگلہ دیش کے سلامی بلے باز سومیا سرکار نے 151 گیندوں پر 169 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جو ان کے کیریئر کی بہترین اننگز بھی ہے۔ اس اہم اننگز کی وجہ سے بنگلہ دیش 49.5 اوورز میں 291 رنز بنانے میں کامیاب رہا، جو کہ بنگلہ دیش کا نیوزی لینڈ میں سب سے زیادہ ون ڈے اسکور بھی ہے۔

تیس سالہ کھلاڑی کی یہ سنچری اننگز گھر سے دور ون ڈے میچ میں بنگلہ دیشی مرد کھلاڑی کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔ نیوزی لینڈ میں برصغیر کے کسی کھلاڑی کا ون ڈے میں یہ سب سے زیادہ اسکور ہے۔ ایسا کارنامہ کرکے سومیا نے عظیم کرکٹر سچن تنڈولکر کا 14 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ سچن تنڈولکر نے 2009 میں کرائسٹ چرچ میں کیویز کے خلاف ناٹ آوٹ 163 رنز بنائے تھے۔ سومیا کی سنسنی خیز اننگز میں 22 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

زمبابوے کے خلاف لٹن داس کی 176 رنز کی اننگز کے بعد سومیا سرکار کی اننگز اب ون ڈے میں بنگلہ دیشی کی دوسری بہترین اننگز ہے۔ واضح رہے کہ دوسرے ونڈے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے اتری بنگلہ دیشی ٹیم اسوقت مشکل میں پڑ گئی جب اس کے 10 اوورز کے اندر ہی پہلی تین وکٹیں پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد سومیا نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو مضبوط ٹوٹل تک لے گئے۔ ان کی اننگز کی مدد سے مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمام وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔ تاہم جواب میں نیوزی لینڈ نے یہ ہدف باآسانی صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کرلی۔

یہ بھی پڑھیں

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.