ETV Bharat / premium

Seminar on Mir Taqi Mir in Bhopal بھوپال میں میر تقی میر پر سمینار

author img

By

Published : Apr 10, 2023, 1:00 PM IST

مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے میر تقی میر پر تین سو سالہ جشن کے تحت ان کی حیات و خدمات پر 'مستند ہے میرا فرمایا ہوا' کے عنوان سے سمینار کا انعقاد کیا گیا۔

میر تقی میر
Seminar on Mir Taqi Mir

بھوپال میں تین سو سالہ جشن کے تحت میر تقی میر پر سیمینار

بھوپال: مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی محکمۂ ثقافت کی جانب سے اسٹیٹ میوزیم آڈیٹوریم شاملہ ہلس، بھوپال میں سہ صد سالہ جشن میر کے موقعے پر "مستند ہے میرا فرمایا ہوا" عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا جس میں ملک و بیرون ملک کے ممتاز دانشوروں نے شرکت کی۔ اردو اکیڈمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کی شروعات میں مہمان کا استقبال کرنے کے بعد پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ ہم سبھی جانتے ہیں کہ اس وقت دنیا بھر میں اردو کے عظیم شاعر میر تقی میر کا سہ صد سالہ جشن منایا جا رہا ہے۔ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کا آج کا یہ پروگرام بھی اسی سلسلہ کی اہم کڑی ہے۔ اور یہ پروگرام میر تقی میر کو موسوم ہے۔ اس پروگرام میں نئے تخلیق کار خصوصاً ریسرچ اسکالرز اور طلبا یہ جان سکیں گے کہ اردو شاعری میں میر تقی میر کو "خدائے سخن" کیوں کہا جاتا ہے۔

میر کا مصرعہ مستند ہے میرا فرمایا ہوا پر مبنی متذکرہ پروگرام میں نوجوان نسل اردو کے اس شاعر کی حصہ داری کو جان سکیں گی اور یہ بھی جان سکیں گی کہ اس شاعر کی عظمت کس وجہ سے ہے۔ اس لیے میر کی حیات وخدمات پر آج کے اس سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس میں معروف دانشور اور ادیب ڈاکٹر تقی عابدی کینیڈا، ضیاء فاروقی بھوپال اور عزیز عرفان اندور خدائے سخن میر پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ سیمینار میں ڈاکٹر تقی عابدی نے اپنے خطبے کی شروعات میں مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کو میر تقی میر کے پروگرام منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور "ذکر میر" کے حوالے سے کہا کہ میر تقی میر کی ابتدائی زندگی کے اثرات ان کی شاعری میں ہمیشہ نمایاں رہے۔

وہ جو کہ صوفی منش باپ کے بیٹے تھے پھر زندگی کے ہزاروں رنگ انہوں نے دیکھے وہ سارے رنگ میر کے یہاں کسی نہ کسی سطح پر موجود ہیں، میر کی عظمت کا اعتراف خود ان کے عہد میں ان کے ہم عصروں نے بھی کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے سودا کا حوالہ دیا کہ سودا بھی ان کی عظمت کے قائل تھے۔ واضح رہے کہ پوری دنیا میں عظیم شاعر میر تقی میر کی حیات و خدمات پر مبنی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اسی کڑی میں ریاست مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی نے سہ صد سالہ جشن کے تحت میر تقی میر کی حیات و خدمات پر سیمینار منعقد کیا تاکہ نئی نسل میر تقی میر کی شاعری سے روبرو ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.