ETV Bharat / international

Odisha Train Accident اوڈیشہ ٹرین حادثے میں جانی نقصان پر پوپ فرانسس کا اظہارِ افسوس

author img

By

Published : Jun 4, 2023, 8:31 PM IST

اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں ہونے والے المناک ٹرین حادثے کے بعد پاکستان، چین اور امریکہ سمیت پوری دنیا سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

Pope Francis condoles loss of lives in Odisha Train Accident
اوڈیشہ ٹرین حادثے میں جانی نقصان پر پوپ فرانسس کا اظہارِ افسوس

ویٹیکن: پوپ فرانسس نے اتوار کو اڈیشہ کے بالاسور میں ٹرین حادثے میں جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا جس میں 275 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے۔ سینٹ پیٹرز اسکوائر میں سنڈے اینجلس کے دوران پوپ فرانسس نے ٹرین حادثے کے متاثرین کو یاد کیا۔ پوپ نے لوگوں کو اپنی دعاؤں میں یاد کیا اور زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ ویٹیکن نیوز کے مطابق انھوں نے دعا کی کہ میری دعا بھارت میں دو دن پہلے 2 جون کو پیش آنے والے ٹرین حادثے کے بہت سے متاثرین کے لیے جاتی ہے۔ میں زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے اپنی قربت کا اظہار کرتا ہوں۔

بھارتی ریلوے حکام کے مطابق اوڈشہ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی۔ جمعہ کی شام پیش آنے والے اس حادثے میں دونوں ٹرینوں کے 17 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور انہیں شدید نقصان پہنچا۔ اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں ہونے والے المناک ٹرین حادثے کے بعد پوری دنیا سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

امریکی صدر اور خاتون اول نے اڈیشہ ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے سوگوار خاندانوں کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ہماری دعائیں ان لوگوں کے لیے جاتی ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور بہت سے لوگ جو اس خوفناک واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے حادثے میں جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے خیالات متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ میکرون نے کہا کہ فرانس بھارت کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا نے کہا کہ اڈیشہ ٹرین حادثے میں جانی نقصان پر افسوس ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ٹرین حادثے پر صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کو تعزیت کا پیغام بھیجا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارت میں ٹرین حادثے میں سینکڑوں جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس سانحے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.