ETV Bharat / international

Toshakhana Case توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

author img

By

Published : Aug 8, 2023, 9:51 PM IST

اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل نو اگست کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے جس پر چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ سماعت کرے گا۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ قانون کے خلاف ہے اس لیے سزا معطل کرکے عمران خان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔

IHC to hear appeal of Imran Khan against sentence in Toshakhana case tomorrow
توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: توشہ خانہ کیس میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ عمران خاں کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی تھی۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ قانون کے خلاف ہے، مرکزی اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا حکم دیا جائے اور سزا کالعدم قرار دیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے جس پر چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ 5 اگست کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا تھا۔

گزشتہ روز اٹک جیل میں قید عمران خان سے ان کے وکیل نعیم حیدر کی ملاقات کرائی گئی۔ جس کے بعد نعیم حیدرپنجوتھہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ انہیں سی کلاس میں رکھا ہوا ہے، چھوٹا سا کمرہ دیا گیا ہے جس میں اوپن واش روم ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خاں کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر چیف جسٹس عامرفاروق نے سماعت کی جس دوران پٹیشنر کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کے سامنے پیش ہوکر چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے پاور آف اٹارنی پیش کیا اور کہا کہ جیلوں کے حوالے سے رولز دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جو بھی قانون قاعدہ ہو بتا دیجیے گا، اس کے مطابق آرڈر کر دیں گے، ایک چیز ذہن میں رکھیں، جیلوں کے رولز میں جو سہولت ہے وہی آرڈر کریں گے، جو وکلا ملنا چاہتے ہیں بتادیں، اس لحاظ سے آرڈر کر دیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست نمبر لگنے کے بعد کل دوبارہ سماعت کے لیے مقرر ہوگی اس درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی استدعا کی گئی ہے۔ (یو این آئی مشمولات کے ساتھ)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.