ETV Bharat / international

مجھے یقین ہے کہ عالمی عدالت میں اسرائیل کو سزا سنائی جائے گی: رجب طیب ایردوان

author img

By UNI (United News of India)

Published : Jan 13, 2024, 2:09 PM IST

Erdogan on The Genocide in Gaza: ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے غزہ میں نسل کشی کے الزامات کا سامنا کر رہے اسرائیل کو عالمی عدالت سے سزا ملنے کی امید ظاہر کی ہے۔ ایردوان نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ اسرائیل کو سزا سنائی جائے گی۔

Erdogan on the genocide in Gaza
Erdogan on the genocide in Gaza

استنبول: ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ ترکیہ نے فلسطینی شہریوں کے خلاف نسل کشی کے ارتکاب کے الزام میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کی طرف سے دائر مقدمے کے لیے دستاویزات جمع کرائے ہیں۔ استنبول میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایردوان نے کہا کہ ترکیہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں دستاویزات زیادہ تر تصاویر فراہم کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ"مجھے یقین ہے کہ وہاں اسرائیل کو سزا سنائی جائے گی۔ ہم بین الاقوامی عدالت انصاف کے انصاف پر یقین رکھتے ہیں"۔ اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے ترک صدر کو "ایک ایسے ملک کا سربراہ قرار دیا جس نے ماضی میں آرمینیائی باشندوں کی نسل کشی کی اور اس نے اسرائیل پر "بے بنیاد الزامات" عائد کیے ہیں۔ اسرائیل ان 30 سے زیادہ ممالک میں شامل نہیں ہے جنہوں نے 1915 میں عثمانی ترکوں کے ہاتھوں آرمینیائی باشندوں کے بڑے پیمانے پر قتل کو نسل کشی قرار دیا تھا۔ ترکیہ 1923 میں سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد جمہوری ملک بنا۔ ترکیہ نے ہمیشہ آرمینیائی باشندوں کو ختم کرنے کے لیے منظم مہم چلانے سے انکار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے اقوام متحدہ کی اعلیٰ عدالت میں غزہ میں نسل کشی کے الزامات کا دفاع کیا

جمعہ کے روز اسرائیل نے بین الاقوامی عدالت انصاف کے ججوں سے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کی طرف سے اس کے خلاف لائے گئے نسل کشی کے مقدمے کو ختم کر دیں۔ دوسری طرف جنوبی افریقہ نے اقوام متحدہ کی عدالت سے کہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی مہم کو فوری طور پر روکنے کا حکم جاری کرے۔ جمعرات کو عدالت کے سامنے جنوبی افریقہ کی طرف سے لگائے گئے الزامات کا دفاع کرتے ہوئے اسرائیل نے غزہ میں حماس کے خلاف اس کے حملے کو روکنے کے مطالبات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.