ETV Bharat / international

ایران نوازملیشیاؤں کی شام میں امریکی فوجی اڈے پرگولہ باری

author img

By

Published : Jun 29, 2021, 7:59 PM IST

حملے کے جواب میں امریکہ کی قیادت میں بین الاقوامی اتحاد نے توپ خانے سے شام کے سرحدی قصبے المیادین میں ان ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی ہے۔

Syria
Syria

ایران نواز ملیشیاؤں نے پیر کی شب شام کے مشرق میں واقع العمرآئل فیلڈ میں امریکہ کے ایک فوجی اڈے پر گولہ باری کی ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ ایران نواز ملیشیاؤں نے فوجی اڈے کی جانب متعدد گولے داغے ہیں، ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ بیس کو نقصان کو پہنچا ہے۔

اس نے مزید بتایا ہے کہ اس حملے کے جواب میں امریکہ کی قیادت میں بین الاقوامی اتحاد نے توپ خانے سے شام کے سرحدی قصبے المیادین میں ان ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی ہے۔

شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے بھی العمر آئل فیلڈ میں واقع امریکی اڈے کی جانب متعدد میزائل داغے جانے کی اطلاع دی ہے لیکن اس نے یہ نہیں بتایا کہ یہ میزائل کس نے داغے ہیں۔

قبل ازیں پیر کو علی الصباح امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے شام اور عراق میں ایران نواز ملیشیاؤں پر مشتمل الحشدالشعبی کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کی اطلاع دی تھی۔ اس نے یہ فضائی بمباری الحشدالشعبی کے عراق میں امریکی فوجیوں اور تنصیبات پر ڈرون حملوں کے ردعمل میں کی تھی۔ الحشدالشعبی نے امریکی فوج کے فضائی حملوں میں اپنے بعض جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی اور ان کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

الحشد کے ذرائع کے مطابق عراق کے مغربی صوبہ الانبار میں ایک فضائی حملے میں اس کے چارجنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔ شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے الگ سے اطلاع دی تھی کہ شام کے سرحدی علاقے میں فضائی حملے میں الحشد کے پانچ جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ شام کے سرحدی علاقے میں الحشد کے فوجی ٹھکانوں کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مشرقی شام۔عراق کی سرحد پر امریکی فضائی حملے

واضح رہے کہ اس سال کے آغاز کے بعد سے عراق میں امریکی فوجیوں، ان کے زیر استعمال فوجی اڈوں یا تنصیبات پر 40 سے زیادہ حملے کیے جاچکے ہیں۔ عراق میں اس وقت داعش مخالف اتحاد کے حصے کے طور پر امریکہ کے ڈھائی ہزار فوجی تعینات ہیں۔ امریکہ عراق میں ایران نواز ملیشیاؤں پر اپنے مفادات کو ڈرون یا راکٹ حملوں میں نشانہ بنانے کے الزامات عاید کرتا رہتا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.