ETV Bharat / international

بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کے بین الاقوامی ترجمان کا قتل

author img

By

Published : Sep 30, 2021, 6:09 PM IST

Updated : Sep 30, 2021, 7:58 PM IST

rohingya refugees spokesman mohibullah
روہنگیا پناہ گزینوں کے بین الاقوامی ترجمان محیب اللہ

روہنگیا مسلمانوں کے لیے کام کرنے والے معروف کارکن محب اللہ کو بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ عالمی تنظیموں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قتل کی تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔

روہنگیا پناہ گزینوں کے بین الاقوامی ترجمان اور نمائندے محب اللہ کو بدھ کی رات نامعلوم مسلح افراد نے بنگلہ دیش کے جنوبی کاکس بازار میں گولی مار کر ہلاک کردیا۔ محب اللہ روہنگیا مہاجرین کے ایک اہم رہنما اور بین الاقوامی اجلاسوں میں روہنگیا مسلمانوں کی نمائندگی کے طور پر جانے جاتے تھے۔

بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کے بین الاقوامی ترجمان کا قتل

محب اللہ پیشے سے ایک استاد تھے، وہ روہنگیا کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے آواز اٹھاتے رہے تھے۔ وہ بھی سنہ 2017 میں میانمار میں فوجی کریک ڈاؤن کی وجہ سے فرار ہوکر بنگلہ دیش پہنچے تھے اور وہیں پناہ لے رکھی تھی۔ وہ اپنی پناہ گزین برادری کے لیے نہ صرف کافی سرگرم تھے بلکہ وہ ان کی آواز بھی سمجھے جاتے تھے۔

انہوں نے اراکان روہنگیا سوسائٹی برائے امن اور انسانی حقوق کے نام سے ایک تنظیم شروع کی تھی۔

محب اللہ نے 2019 میں اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مذہبی آزادی کے حوالے سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور میانمار میں روہنگیا کو درپیش مصائب اور ظلم و ستم کے بارے میں بات کی۔

محب اللہ کے دفتر میں کام کرنے والے محمد شریف نے کہا کہ اچانک آٹھ سے دس افراد کا ایک گروپ دفتر میں داخل ہوا اور ان میں سے تین نے محب اللہ کو تین اطراف سے گھیر لیا اور باقی لوگ وہاں موجود دیگر بزرگوں کو کنٹرول کررہے تھے جو کہ بہت بوڑھے تھے۔

ایک نے ان کی آنکھوں کے درمیان، دوسرا ان کے سینے پر اور تیسرے نے بازو پر فائرنگ کی۔ پھر انہوں نے دو مزید گولیاں ہوا میں چلائیں اور جلدی سے بھاگ گئے۔ یہ سب اتنی جلدی ہوا کہ کسی کو کچھ احساس تک نہیں ہوا "

محب اللہ کے چچا سید عالم نے الزام لگایا کہ ان کا بھتیجا روہنگیا مہاجرین کی برادری میں نمایاں ہونے کی وجہ سے ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوا ہے۔

کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی اور یہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ حملے کے پیچھے کون تھا۔

عالمی تنظیموں نے اس واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے قتل کی تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس قتل کی مذمت کی اور بنگلہ دیشی حکام اور اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی پر زور دیا کہ وہ ان کیمپوں میں لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔

Last Updated :Sep 30, 2021, 7:58 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.