ETV Bharat / international

پاکستان سینیٹ انتخابات: عمران خان کی پارٹی کو سبقت

author img

By

Published : Mar 4, 2021, 10:30 AM IST

پاکستان سینیٹ کی خالی نشستوں پر انتخابات میں حکمران جماعت نے سب سے زیادہ 18 نشستیں جیتی ہیں۔ ان میں پنجاب کی پانچ بلامقابلہ نشستیں بھی شامل ہیں۔ اس طرح سینیٹ میں اب اس کی نشستوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

imran khan secures 18 seats in pakistan senate, loses islamabad to opposition
پاکستان سینیٹ انتخابات: عمران خان کی پارٹی کو سبقت

پاکستان کی پارلیمان کے ایوانِ بالا سینیٹ کے انتخابات میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سب سے زیادہ نشستیں جیت لی ہیں جبکہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے حزب اختلاف کے امیدوار اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔ انھوں نے حکمراں جماعت کے امیدوار وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو شکست دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، سینیٹ کی خالی نشستوں پر انتخابات میں حکمراں جماعت نے سب سے زیادہ 18 نشستیں جیتی ہیں۔ ان میں پنجاب کی پانچ بلامقابلہ نشستیں بھی شامل ہیں۔ اس طرح سینیٹ میں اب اس کی نشستوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے 8 سینیٹرز اپنی مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہو رہے ہیں جبکہ بدھ کو ہونے والے انتخابات میں اس نے 8 ہی نشستوں پر کامیابی حاصل کی، یوں ایوان بالا میں اس کی کُل نشستوں کی تعداد 21 پر برقرار ہے۔

مسلم لیگ (ن) کو متوقع طور پر اپنی نشستیں کھونی پڑی ہیں اور وہ 5 نئی سیٹیں حاصل کر سکی ہے، جس کے بعد سینیٹ میں اس کے اراکین کی تعداد 18 ہوگئی۔

ڈان خبر کے مطابق، پاکستان کی پارلیمان کے ایوانِ بالا سینیٹ کے انتخابات میں 48 نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 18، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 8، مسلم لیگ (ن) نے 5، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے 6، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے 2، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے 3، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 2، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے 2، مسلم لیگ (ق) اور آزاد امیدوار نے ایک، ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.