ETV Bharat / bharat

UP Assembly Budget Session Begins اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان یوپی اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آغاز

author img

By

Published : Feb 20, 2023, 3:30 PM IST

اترپردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آغاز پیر کو گورنر آنندی بین پٹیل کے کلیدی خطبے کے ساتھ ہوا۔ ذات پر مبنی مردم شماری کے مطالبے، مہنگائی، بے روزگاری اور نظم ونسق سمیت دیگر موضوعات کے حوالے سے سماج وادی پارٹی کے اراکین نے اسمبلی کے اندر اور باہر زوردار ہنگامہ کیا۔

اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان یوپی اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آغاز
اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان یوپی اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آغاز

لکھنؤ: اپوزیشن کے بھاری ہنگامے اور شور شرابے کے درمیان اترپردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آغاز پیر کو گورنر آنندی بین پٹیل کے کلیدی خطبے کے ساتھ ہوا۔ ذات پر مبنی مردم شماری کے مطالبے، مہنگائی، بے روزگاری اور نظم ونسق سمیت دیگر موضوعات کے حوالے سے سماج وادی پارٹی کے اراکین نے اسمبلی کے اندر اور باہر جم کر ہنگامہ کیا۔ ایس پی کے سینیئر لیڈر شیوپال سنگھ یادو کی قیادت میں ایس پی اراکین نے اسمبلی کے باہر حکومت مخالف نعرے بازی کی اور دھرنا دیا۔ ایس پی اراکین کا مشتعل رویہ گورنر آنندی بین پٹیل کی تقریر کے دوران بھی جاری رہا۔

اپوزیشن اراکین خاص طور سے ایس پی اور آر ایل ڈی کے اراکین'گورنر واپس جاؤ' اور حکومت مخالف دیگر نعرے لگارہے تھے۔ اس درمیان کچھ اراکین ہاتھوں میں تختیاں لے ایوان کی ویل میں بھی پہنچ گئے۔ اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا نے اراکین سے خاموش رہنے کی اپیل کی لیکن اس کا کوئی اثر دکھائی نہیں دیا۔ آخر کار شدید ہنگامے اور شوشرابے کے درمیان گورنر نے ودھان سبھا اور ودھان بھون کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا اور حکومت کی حصولیابیاں شمار کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت عوام کے بھروسے کی کسوٹی پر کھری اتری ہے۔ گورنر نے حال ہی میں منعقد ہوئے گلوبل انوسٹر سمٹ کو کامیاب بتاتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری آنے سے ریاست کی ترقی کو رفتار ملے گی۔

اسمبلی کی کاروائی شروع ہونے سے پہلے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ 22 فروری کو یوپی کی 25 کروڑ عوام کے لئے اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد گورنر کے کلیدی خطبے اور بجٹ پر بحث ہونے کے بعد بجٹ پاس ہوگا۔اراکین اسمبلی کو اپنے حلقے کے مسائل کو اٹھانے کا موقع ملے گا۔ ہر عوامی نمائندے کا فریضہ ہے کہ وہ اپنی بات کو موثر اندار میں ایوان میں رکھے۔یہ ان کا حق اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مفاد عامہ سے وابستہ موضوعات پر مثبت تبادلہ خیال کے ذریعہ مناسب جواب دے۔

حکومت سبھی مسائل پر بحث کے لئے تیار ہے۔ آل پارٹی میٹنگ میں سبھی پارٹیوں کو اس سے آگاہ کیا گیا ہے۔ ریاست، جمہوریت اور مقننہ کے مفاد کے مسئلے پر بحث کے لئے حکومت ہر وقت تیار ہے۔ عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ عوام نے جس جذبے کے ساتھ انہیں اسمبلی بھیجے ہے اس کے عین مطابق اسمبلی کی کاروائی چلا کر نظیر پیش کریں اگر وہ شائستگی کے ساتھ اپنی بات کو موثر الفاظ کے ساتھ رکھتے ہیں تو حکومت ان کے ہر سوال کا جواب دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: Budget Session of UP Assembly میڈیا کو اپوزیشن کے احتجاج کی کوریج سے روکا گیا

اس درمیان ایس پی سربراہ و اپوزیشن لیڈر اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت نے دیہی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ ریاست میں مہنگائی اور بے روزگاری شباب پر ہیں۔ حکومت اعداد میں چاہئے جو کچھ بھی پیش کرے لیکن سچائی یہ ہے کہ نظم ونسق، مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلے پر حکومت بری طرح ناکام ہے۔ بلڈوزر رواج نے غریبوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ کانپور دیہات میں ماں۔بیٹی کی جان بلڈوز نے لے لی۔

یواین آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.