ETV Bharat / bharat

رامپور: معروف افسانہ نگار وصی اقبال کی حیات و خدمات پر خصوصی رپورٹ

author img

By

Published : Sep 26, 2021, 2:00 PM IST

renowned novelist Wasi Iqbal
وصی اقبال کی حیات و خدمات پر خصوصی رپورٹ

ریاست اترپردیش کے ادبی شہر رامپور کے معروف افسانہ نگار وصی اقبال کا آج 19واں یوم وفات ہے۔ اس موقع پر لوگ وصی اقبال کی ادبی و سماجی خدمات کو یاد کررہے ہیں۔ وصی اقبال کی حیات و خدمات سے متعلق پیش ہے ای ٹی وی بھارت کی خصوصی رپورٹ۔

ضلع رامپور کے جن افسانہ نگاروں نے افسانہ کو محدود دائرے سے نکال کر غیر محدود فضا عطا کی ہے اور عام لوگوں کو افسانہ کی جانب متوجہ کرنے کی شعوری کوشش کی، ان میں سے مرحوم وصی اقبال خاں کا نام سرفہرست ہے۔

وصی اقبال کی حیات و خدمات پر خصوصی رپورٹ

افسانہ نگار وصی اقبال سے متعلق ڈاکٹر شریف احمد قریشی اپنے ایک مضمون میں کہتے ہیں کہ محترم وصی اقبال نے افسانہ پر چڑھے ہوئے غموض اور پیچیدگیوں کے خول کو ہٹاکر ارضیت سے وابستہ رکھنے کا ناقابل فراموش کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان کے مضامین کی طرح ان کے افسانے بھی اصلاحی اور اسلامی فکر و نظام کے عکاس ہیں۔

وصی اقبال خاں نے اسلامی تحریکات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ انہوں نے خصوصاً جماعت اسلامی ہند کے کارکن کی حیثیت سے اصلاح معاشرہ کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔


اس موقع پر معروف افسانہ نگار اور تنز و مزاح نگار ایس فضیلت نے مرحوم وصی اقبال کے ساتھ گزارے اپنے خوبصورت لمحات کو طرح یاد کیا۔

مزید پڑھیں:۔ جدید دور میں بھی افسانے لکھنے اور پڑھنے کا رواج برقرار: افسانہ نگار شہیرہ مسرور


سماجوادی پارٹی کے قدآور رہنماء اور رامپور کے رکن پارلیمان محمد اعظم خاں کے بھی وصی اقبال خاں سے کافی اچھے مراسم رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اعظم خاں نے 'کیا خوب شخص تھا' کے عنوان سے وصی اقبال مرحوم کو یاد کرتے ہوئے اپنے ایک مضمون میں بہت ہی جزباتی انداز میں ان سے عقیدت کا اظہار کیا ہے۔


وصی اقبال خاں کے فرزند اور صحافی ذیشان مراد خان اپنے والد سے متعلق بتاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے والد نے ادبی اور سماجی خدمات انجام دینے کے ساتھ ہی گھریلو زندگی بھی کافی خوش گرار انداز میں گزاری ہے اور انہوں نے اپنے بچوں کی تربیت بھی کافی اچھے انداز میں کی ہے۔


واضح رہے کہ افسانہ نگار وصی اقبال کی پیدائش یکم جنوری 1934 کو رامپور کے ایک معزز گھرانے میں ہوئی تھی اور 25 ستمبر سنہ 2002 کو رامپور کی افسانوی اور علمی افلاک کا یہ تابندہ ستارہ اپنی ضیاء بار شعاعوں کو بکھیر کر ہمیشہ کے لئے دنیا کی نظروں سے اوجھل ہوگیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.