Shafiq Ur Rahman Slams Mohan Bhagwat مسلمان اللہ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتا، شفیق الرحمن برق

author img

By

Published : Jan 12, 2023, 7:21 AM IST

مسلمان اللہ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتا

شفیق الرحمن برق میڈیا سے بات کرتے ہوئے

رکن پارلیمان ڈاکٹر شفیق الرحمن برق نے آر ایس ایس اور نی جے پی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں مسلمان کسی سے نہیں ڈرتا، وہ صرف اللہ سے ڈرتا ہے اور بی جے پی و آر ایس ایس اس ملک کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ A Muslim does not fear anyone except Allah says shafiq ur rahman

مرادآباد: ریاست اترپردیش کے ضلع سنبھل سے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمان ڈاکٹر شفیق الرحمن برق نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے مسلمانوں سے متعلق بیان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ملک کے حالات کو خراب کرنے اور نفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کسی سے نہیں ڈرتا، وہ صرف اپنے اللہ سے ڈرتا ہے، مسلمان بت خوف ہے اور وہ ملک کی ترقی چاہتا ہے، ملک کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے موہن بھاگوت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سنگھ اور بی جے پی ملک میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ مسلمان نہیں چاہتا کہ ملک کے حالات خراب ہوں لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اور سنگھ ملک میں نفرت پیدا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب آر ایس ایس اور بی جے پی ملک میں نفرت پھیلائیں گے تو مسلمان بھی سوچنے پر مجبور ہو گا۔ مسلمان سوائے اللہ کے کسی سے نہیں ڈرتا اور وہ بالکل بے خوف ہوکر زندگی گزارتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے ساتھ جو بھی کریں، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اللہ نے ہمیں پیدا کیا ہے، ہم صرف اسی سے ڈرتے ہیں۔ ہم کسی اور سے نہیں ڈرتے لیکن ملک کی خوشحالی اور اس کی حالت بہتر کرنے کے لیے ہم اب بھی تیار ہیں اور پہلے بھی تیار تھے۔ ملک کے لیے ہمیں کتنی ہی بڑی قربانیاں دینی پڑیں، ہم ملک کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم ملک کی آزادی سے پہلے بھی جیلوں میں بند اور پھانسی کے پھندے پر لٹکائے گئے ہیں۔ اُس وقت بھی ہم کسی سے نہیں ڈرے اور آج بھی کسی سے نہیں ڈرتے۔

مزید پڑھیں:۔ Mohan Bhagwat Comments on Muslims مسلمانوں کو احساس برتری کو ترک کرنا ہوگا، بھاگوت

واضح رہے کہ گزشتہ کل راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا تھا کہ ہندوازم، قومیت سب کو اپنا ماننے اور ساتھ لے کر چلنے کی ہماری پہچان ہے اور ملک میں اسلام کو کوئی خطرہ نہیں ہے، لیکن اسے 'ہم بڑے ہیں' کا احساس چھوڑنا پڑے گا۔ بھاگوت نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہندوستان، ہندوستان ہی بنا رہے۔ آج بھارت میں جو مسلمان ہیں انہیں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہے وہ یہاں رہنا چاہتے ہیں رہیں، اگر کوئی اپنے آباؤ اجداد کے پاس واپس آنا چاہتے ہیں تو وہ ان کے اوپر ہے۔


ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.