ETV Bharat / bharat

Dilip Kumar's Journey: لیجینڈری اداکار دلیپ کمار کا فلمی سفر

author img

By

Published : Jul 7, 2021, 10:57 AM IST

Updated : Jul 7, 2021, 12:26 PM IST

بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کا فلمی سفر
بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کا فلمی سفر

بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کا بدھ کی صبح انتقال ہوگیا۔ وہ 98 برس کے تھے۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کا آج ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے صبح تقریباً سات بجے کے قریب ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں آخری سانس لی۔ تجربہ کار اداکار کا علاج کرنے والے پلمونولوجسٹ ڈاکٹر جلیل پارکر نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

بتادیں کہ اداکار کو سانس لینے میں دشواری کے سبب 29 جون کو ممبئی کے کھار علاقہ میں واقع ہندوجا اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔

دلیپ کمار 11 دسمبر سنہ 1922 کو برٹش انڈیا کے پشاور (جو اب پاکستان میں ہے) میں پیدا ہوئے تھے۔ دلیپ کمار کا اصل نام محمد یوسف خان تھا۔ یوسف خان نے مہاراشٹر کے ناسک میں اپنی تعلیم حاصل کی۔ دلیپ کمار راجیہ سبھا کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔

لیجینڈری اداکار دلیپ کمار کا فلمی سفر

سنہ 1944 میں قریب 22 سال کی عمر میں دلیپ کمار نے اپنی پہلی فلم 'جوار بھاٹا' میں کام کیا۔ جوار بھاٹا سے شروعات کرنے والے دلیپ کمار کی کئی یادگار فلمیں ہیں جس میں شہید، میلہ، ندیا کے پار، بابُل، فٹپاتھ، دیوداس، نیا دور، مغل اعظم، گنگا جمنا، رام شیام اور کرما شامل ہیں۔ دلیپ کمار کی آخری فلم 'قلعہ' تھی جو سنہ 1998 میں آئی تھی۔

دلیپ کمار نے سنہ 1966 میں اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی تھی۔ سائرہ بانو دلیپ کمار سے 22 سال چھوٹی تھیں۔ دلیپ کمار کی سائرہ بانو سے وابستگی آخری سانس تک برقرار رہی۔

سنہ 1983 میں فلم 'شکتی'، سنہ 1968 میں 'رام اور شیام'، 1965 میں 'لیڈر'، 1961 میں 'کوہ نور'، 1958 میں 'نیا دور'، 1957 میں 'دیوداس' ، 1956 میں 'آزاد' ، 1954 میں 'داغ ' فلم کے لیے دلیپ کمار کو فلم فیئر کے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: Dilip Kumar: معروف اداکار دلیپ کمار کا انتقال

دلیپ کمار نے سنہ 1960 میں فلم 'مغل اعظم' میں مغل شہزادہ سلیم کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم پہلے بلیک اینڈ وائٹ میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد سال 2004 میں اسے رنگوں سے مزیّن کرتے ہوئے ایسٹمین کلر فلم (رنگین) بنایا گیا۔

بالی ووڈ کے مشہور اداکار دلیپ کمار کو سنہ 1994 میں 'دادا صاحب پھالکے' جب کہ سنہ 2015 میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ دلیپ کمار کو پاکستان کے اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ 'نشانِ امتیاز' سے بھی نوازا گیا ہے۔

Last Updated :Jul 7, 2021, 12:26 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.