ETV Bharat / bharat

Rahul Gandhi Disqualified As MP راہل گاندھی کی رکنیت کو منسوخ کرنا جمہوریت کا قتل ہے، نانا پٹولے

author img

By

Published : Mar 24, 2023, 8:40 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

راہل گاندھی کی رکنیت منسوخ کیے جانے پر مخلتف اعلی رہنماوں نے مذمت کی۔ اس سلسلے میں نانا پٹولے نے کہا کہ انگریزوں کے دور میں سرکار کے خلاف بولنے پر سخت سزا دی جاتی تھی، آج بی جے پی حکومت بھی وہی سلوک کر رہی ہے۔

ممبئی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت کو منسوخ کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے۔ یہ فیصلہ کرناٹک میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران دیے گئے ایک بیان کے حوالے سے جھوٹی شکایت درج کر کے لیا گیا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں سے بی جے پی، راہل گاندھی کی رکنیت کو منسوخ کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ مرکز کی بی جے پی حکومت نے ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت راہل گاندھی کی رکنیت کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جوواضح طو رپر جمہوریت کا قتل ہے۔مرکزکی بی جے پی حکومت پر یہ حملہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کیا ہے۔

جیسے ہی یہ خبر آئی کہ راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت کو منسوخ کر دیا گیا ہے، مہاراشٹر اسمبلی میں جاری بجٹ اجلاس میں ہنگامہ برپاہوگیا۔ ایم وی اے نے اس اس فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی کا بائیکاٹ کیا اور ودھان بھون کی سیڑھیوں پر کالی پٹی باندھ کر احتجاج کرتے ہوئے مودی حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کی۔اس موقع پر ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزرائے اعلیٰ اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان، اپوزیشن لیڈر اجیت پوار، این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، شیوسینا لیڈر ادھو بالاصاحب ٹھاکرے گروپ کے اجے چودھری اور سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر ابو اعظمی سمیت کئی ایم ایل ایز نے موجود رہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں سے مرکز کی مودی حکومت صرف نیرو مودی، للت مودی، میہول چوکسی، وجے مالیا جیسے کرپٹ لوگوں کے لیے کام کر رہی ہے جب کہ راہل گاندھی ملک کو بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی کرپٹ صنعت کار عوام کے کروڑوں روپے لوٹ کر ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔ راہل گاندھی اس بدعنوانی کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔ لوک سبھا میں جب راہل گاندھی نے اڈانی-مودی تعلقات کے بارے میں پوچھا تو پی ایم مودی اور ان کے وزراء نے کوئی جواب نہیں دیا۔ کیمبرج یونیورسٹی میں راہل گاندھی کے دیئے گئے بیان پرحکمراں جماعت بی جے پی معافی مانگنے کا مطالبہ کر رہی تھی لیکن ہمارے لیڈر کو لوک سبھا میں بولنے تک نہیں دیا گیا۔

نانا پٹولے نے کہا کہ انگریزوں کے دور میں سرکار کے خلاف بولنے پر سخت سزا دی جاتی تھی، آج بی جے پی حکومت بھی وہی سلوک کر رہی ہے۔ راہل گاندھی کو جانچ کے نام پر ای ڈی کے دفتر میں 10 گھنٹے تک ہراساں کیا گیا۔ آخر کار جب یہ دیکھا گیا کہ راہل گاندھی بی جے پی کے آمرانہ رویے کے سامنے نہیں جھکیں گے تو ان کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کردی گئی۔ پٹولے نے کہا کہ ہم بی جے پی حکومت اور مودی حکومت کی مذمت کرتے ہیں اور آنے والے دنوں میں ہم سڑکوں پر اترکر بی جے پی کے خلاف مزید شدت کے ساتھ جدوجہد کریں گے۔

اس موقع پر کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات نے کہا کہ راہل گاندھی کی رکنیت کو منسوخ کرنے کا فیصلہ جمہوریت پربراہ راست حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کو راہل گاندھی سے اور زیادہ خوف آنے لگا ہے۔ لوک سبھا میں راہل گاندھی نے اڈانی-مودی تعلقات کا مسئلہ اٹھایا جس پر بی جے پی نے یہ کارروائی کی ہے۔تھورات نے کہا کہ راہل گاندھی کیمبرج یونیورسٹی کے اپنے بیان پرموقف پیش کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں لوک سبھا میں بولنے کی اجازت نہیں دی گئی، ان کا مائیک بند کردیا جاتا تھا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک جمہوریت سے آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ بالا صاحب تھورات نے کہا کہ سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی نے خود بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کیا تھا اور اب راہل گاندھی کو بھی اسی صورتحال کا سامنا ہے۔ لیکن اس وقت اندرا گاندھی نے پوری صورتحال کا مضبوطی سے مقابلہ کیا اور جنتا پارٹی کو شکست دی اور دوبارہ ملک کی وزیر اعظم بن گئیں۔ہمیں یقین ہے کہ راہل گاندھی بھی بی جے پی کو شکست دے کر ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: Rahul Gandhi Disqualified راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ

یواین آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.