ETV Bharat / bharat

Canada India Tension کینیڈا اشتعال انگیزی کی کوشش نہیں کر رہا ہے: کینیڈین وزیراعظم

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 19, 2023, 9:52 PM IST

خالصتانی کارکن ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر دیے گئے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کسی بھی طرح سے بھارت کو مشتعل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔ ہم صرف حقائق کو بیان کر رہے ہیں اور حکومت ہند کو اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔

Trudeau
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو

اوٹاوا: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے بھارت پر خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے منسلک ہونے کے الزامات لگانے کے ایک دن بعد، جسٹن ٹروڈو نے منگل کو کہا کہ کینیڈا چاہتا ہے کہ نئی دہلی اس معاملے کو سنجیدگی سے لے، کینیڈا کسی بھی طرح سے بھارت کو مشتعل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم اشتعال انگیزی یا اسے طول دینے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں، ہم صرف حقائق کو بیان کر رہے ہیں جیسا کہ ہم سمجھتے ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ حکومت ہند کو اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ جہاں تک کینیڈا کا تعلق ہے ہم اپنے جمہوری اصولوں اور اقدار پر قائم رہیں گے اور ہم شواہد کی پیروی کریں گے۔ واضح رہے کہ کینیڈا کے وزیر اعظم ٹروڈو نے پیر کو الزام لگایا کہ ہردیپ سنگھ نجر کی ہلاکت کے پیچھے بھارتی حکومت کا ہاتھ ہے۔ پیر کو ٹروڈو نے دعویٰ کیا کہ ان کے ملک کے قومی سلامتی کے حکام کے پاس اس کے پختہ شواہد ہیں کہ بھارتی حکومت کے ایجنٹوں نے کینیڈین شہری کا قتل کیا۔ ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا کی سیکورٹی ایجنسیاں حکومت ہند کے ایجنٹوں اور ایک کینیڈین شہری، ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے درمیان ممکنہ تعلق کے شواہد کی پیروی کر رہی ہیں۔

اس کے بعد کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی کی جانب سے خالصتانی رہنما کے قتل کے متعلق پیر کو ملک میں موجود ایک ہندوستانی سفارت کار کو ملک بدر کر دیا۔ جس نے کینیڈا اور بھارت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید کشیدہ کر دیا۔ کینیڈا میں ایک سینئر ہندوستانی سفارت کار کو ملک بدر کیے جانے کے بعد بھارت نے بھی کینیڈا کے ایک سینئر سفارت کار کو پانچ روز کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں:

تاہم بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے بارے میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ ہردیپ سنگھ نجر ، جو بھارت میں مطلوب تھا، کو 18 جون کو برٹش کولمبیا کے کینیڈا کے سرے میں ایک گوردوارے کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ پنجاب کے جالندھر کے بھارسنگھ پور گاؤں سے تعلق رکھنے والا نجر سرے میں مقیم تھا اور اسے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے مفرور قرار دیا تھا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.