مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ 'صبح جب میں اٹھا تو کسی اللہ کے بندے نے میرا ٹویٹر ہیک کر کے نہایت ہی نازیبا، بیہودہ ویڈیو میرے اکاؤنٹ سے لائک کیا ہوا تھا'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ میرے اور میرے اہل خانہ کے لیے بڑی افسوس ناک، شرمناک اور تکلیف دہ بات ہے۔'
وقار یونس نے کہا کہ میں سمجھتا تھا کہ سوشل میڈیا یا ٹویٹر اپنے جاننے والوں سے بات چیت کا ذریعہ ہے لیکن بدقسمتی سے اس انسان نے یہ کردیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا بلکہ اس سے قبل بھی ہوچکا ہے اور یہ انسان تو باز نہیں آئے گا لہٰذا میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آج کے بعد میں سوشل میڈیا پر نہیں آؤں گا کیونکہ مجھے میرے گھر والے زیادہ عزیز ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'آج کے بعد آپ مجھے سوشل میڈیا پر نہیں دیکھیں گے اور اگر کسی کو اس بات سے تکلیف ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں'۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر وقار یونس کے نام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوا تھا جس کی وجہ سے ان کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ کے لائک سیکشن میں ایک فحش ویڈیو لائک کیا گیا۔
اگرچہ یہ ویڈیو مارچ 2019 میں ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ کی جانب سے پوسٹ کی گئی تھی تاہم وقار یونس کے اکاؤنٹ پر حالیہ لائک میں یہ سب سے اوپر نظر آرہی تھی۔
اس ویڈیو کو پاکستانی کرکٹر کے اکاؤنٹ سے لائیک کیے جانے کے بعد سے ٹوئٹر پر ایک وقار یونس کے نام سے ٹرینڈ چلنے لگا اور صارفین ایک دوسرے سے یہ کہتے نظر آئے کہ وقار یونس کے لائیک سیکشن کو کوئی نہ دیکھے تاہم اس موقع پر بھی کچھ صارفین نے 'میمز' کا سہارا لیا اور مختلف میمز شیئرز کیں۔
یہاں یہ واضح رہے کہ ٹوئٹر پر وقار یونس کے 17 لاکھ سے زائد فالورز ہیں جبکہ وہ خود صرف 106 لوگوں کو فالو کررہے ہیں۔