ETV Bharat / bharat

گلوان وادی میں زخمی فوجیوں سے مودی کی ملاقات

author img

By

Published : Jul 4, 2020, 7:44 AM IST

modi
modi

وزیراعظم نریندر مودی نے گلوان وادی میں چینی اور بھارتی افواج کے مابین تصادم میں زخمی ہوئے بھارتی فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نریندر مودی نے زخمی فوجیوں سے ملاقات کے دوران ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جس بہادری کے ساتھ آپ لوگوں نے چینی فوج سے مقابلہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے اور جو فوجی جوان ہلاک ہوئے ہیں ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

زخمی فوجیوں سے مودی کی ملاقات

مودی نے فوجیوں سے کہا کہ 'آپ سب نے مل کر چینی فوج کو معقول جواب دیا ہے اور ملک کی 130 کروڑ آبادی کو آپ سبھی پر فخر ہے اور آپ سب کی بہادری نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ملک کی حفاظت کے لیے آپ سبھی فوجی جوانوں نے جو خون بہایا ہے وہ طویل عرصے تک نئی نسل کو یاد رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت - چین سرحدی تنازع کے دوران اچانک لیہہ کا ہنگامی دورہ کرکے سب کو حیران کر دیا تھا۔

وزیراعظم مودی کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور فوجی سربراہ ایم ایم نروانے بھی موجود تھے۔

مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوول کنٹرول(ایل اے سی) پر گذشتہ تقریباً دوماہ سے چین کے ساتھ جاری فوجی تعطل کے درمیان مودی اچانک لیہہ پہنچے تھے۔

نریندر مودی نے ناردرن آرمی کمانڈ کے عہدیداروں اور کور 14 کمانڈ کے افسران کے ساتھ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ بھی لیاتھا۔

واضح رہے کہ چین کے ساتھ جاری تعطل کے درمیان وزیر دفاع راجناتھ سنگھ مسلح افواج کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے لداخ کا دورہ کرنے والے تھے لیکن ان کا دورہ منسوخ ہو گیا تھا۔

اس سے قبل جنرل نروانے بھی لداخ کے دو روزہ کے دورے پر گئے تھے، انہوں نے فوج کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ فوجیوں کے ساتھ بھی تمام امور پر بات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی تھی۔

بھارت ارو چین افواج کے درمیان گذشتہ مئی کے پہلے ہفتہ سے ہی مشرقی لداخ کے متعدد مقامات پر تعطل جاری ہے۔ دونوں جانب کی افواج کے درمیان 15 جون کی شب وادی گلوان میں پُرتشدد جھڑپ ہوئی تھی جس میں بھارتی فوج کے ایک کرنل سمیت 20 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ چین کو بھی بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا تھا۔

اس جھڑپ کے بعد سے دونوں ممالک نے علاقہ میں فوج کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے جس سے ایکچوئل لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

تعطل دور کرنے کے لیے دونوں افواج کے بیچ تین مرتبہ لیفٹیننٹ جنرل سطح کی گفتگو ہوچکی ہے لیکن اس کا کوئی ٹھوس نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.