ETV Bharat / state

Electrical Employees Protest: محکمہ بجلی کے ملازمین نے تنخواہ واگزار کرنے کا مطالبہ کیا

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 25, 2023, 9:19 PM IST

محکمہ بجلی میں کام کر رہے ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ سمیت انتظامیہ پر تنخواہیں واگزار نہ کرکے ملازمین کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔

Electrical Employees Protest
Electrical Employees Protest

محکمہ بجلی کے ملازمین نے تنخواہ واگزار کرنے کی مانگ

سرینگر: جموں و کشمیر الیکٹریکل ایمپلائز یونین نے پریس انکلیو، سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ دو ماہ سے رکی پڑی تنخواہوں کو فوری طور واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔ الیکٹریکل ایمپلائز یونین سے وابستہ درجنوں ملازمین پریس کالونی، سرینگر میں جمع ہوئے اور محکمہ بجلی سمیت جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں خواتین احتجاجی بھی شامل تھیں۔

احتجاجیوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے ریگولر سمیت یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین کی بھی تنخواہیں روک دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کو واگزار نہ کیے جانے کے سبب ملازمین سخت اذیتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنے بچوں کی اسکول فیس تک ادا کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ انہوں نے حکام سے فوری طور تنخواہیں واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج میں شامل جموں کشمیر الیکٹریکل ایمپلائز یونین کے پریزیڈینٹ نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’نا معلوم وجوہات کی بنا کر محض ملازمین کو تنگ کرنے کی غرض سے تنخواہیں روک دی گئی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’محکمہ بجلی میں کام کر رہے عارضی و مستقل ملازمین تندہی اور جانفشانی سے کام کر رہے ہیں اور آئے روز کام کے دوران متعدد ملازمین زخمی یا فوت ہو رہے ہیں، اور ملازمین کو مراعات فراہم کرنے کے بر عکس انہیں اصل تنخواہ سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔‘‘

مزید پڑھیں: کشمیرالیکٹریکل ملازمین کا احتجاج

یونین کے پریذیڈنت کا کہنا تھا کہ ماضی کے برعکس محکمہ بجلی کو خاصا ریونیو حاصل ہو رہا ہے، اس کے باوجود ملازمین کو خواہ مخواہ تنگ طلب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اب جموں و کشمیر میں میٹرنگ بھی عمل میں لائی جا رہی ہے، صارفین فیس بھی وقت پر ادا کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود ملازمین کی تنخواہ روکنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے دو ماہ سے رکی پڑی تنخواہوں کو واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.