Protest Against Land Eviction Order: اثر و رسوخ والے افراد کو سرکاری اراضی سے بے دخل کرنے کی مانگ

author img

By

Published : Jan 23, 2023, 2:43 PM IST

اثر و رسوخ والے افراد کو سرکاری اراضی سے بے دخل کرنے کی مانگ

گاندربل ضلع کے بابا دریا دین نامی علاقے کے باشندوں نے سرکاری اراضی سے بے دخلی کے احکامات اور انہدامی کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ Protest Against Land Order in Ganderbal

اثر و رسوخ والے افراد کو سرکاری اراضی سے بے دخل کرنے کی مانگ

گاندربل: سرکاری اراضی سے بے دخلی کے احکامات اور اس پر عملدرآمد کے خلاف وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں بابا دریا دین نامی علاقے کے باشندوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے خلاف احتجاج درج کیا۔ احتجاج میں شامل مقامی باشندوں، پی آر آئی ممبران نے سرکاری اراضی خصوصاً کاہچرائی اور روشنی لینڈ سے عوام کو بے دخل کرنے کے عمل کو عوام کُش قرار دیتے ہوئے کارروائی کی سخت مذمت کی۔

احتجاج کر رہے لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا: ’’اراضی سے بے دخلی کا قانون غریب اور مفلس عوام پر عملایا جا رہا ہے، کاچہرائی پر اثر و رسوخ رکھنے والے افراد، سرمایہ داروں نے نہ صرف قبضہ کیا ہے بلکہ پختہ عمارتیں، تجارتی مراکز تعمیر کیے ہیں، جن کے تئیں انتظامیہ سرد مہری کا مظاہرہ کرکے حکمنامہ کی آڑ میں غریبوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔‘‘

ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے بابا دریا دین علاقے کے سرپنچ نے کہا کہ وہ اس حکمنامہ سے خوش ہیں اور اس میں حکومت کو برابر تعاون فراہم کریں گے تاہم اس حکمنامہ کے اطلاق غریب و امیر کے لیے یکساں ہونا چاہئے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’بڑے مگرمچھوں کو چھوڑ کر انتظامیہ غریب عوام کو عتاب کا نشانہ بنا رہی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ایک ایک بیروکریٹ، سیاسی کارکنان اور صاحب ثروت افراد نے سینکڑوں کنال اراضی پر قبضہ کیا ہوا ہے جسے حکومت اپنی تحویل میں لیکر کئی فلاحی کام انجام دے سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اگر ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی تو ہم لوگ بھی انتظامیہ کا شانہ بشانہ ساتھ دیں گے، وگرنہ، اگر صرف غریب عوام کو ہی عتاب کا نشانہ بنایا گیا تو اس صورت میں سخت احتجاج کیا جائے گا۔‘‘

مزید پڑھیں: PDP Protest Against Land Eviction: پی ڈی پی کارکنان کا اراضی سے بے دخلی کے خلاف احتجاج

ادھر، بابا دریا دین علاقے کے متعدد رہائشیوں نے کہا کہ وہ دہائیوں سے اس زمین پر رہائش پذیر ہیں یا اسکے ذریعے نان شبینہ کا انتظام کرتے آ رہے ہیں اور غریب عوام چند مرلے زمین یا زیادہ سے زیادہ ایک آدھ کنال کے ہی مالک ہیں۔ ایسے افراد کو اراضی سے بے داخل کرکے انتظامیہ کچھ حاصل نہیں کر سکتی، سرکار کو چاہئے کہ سینکڑوں کنال پر قبضہ جمائے بیٹھے صاحب ثروت افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.