ETV Bharat / state

Doda Free Eye Checkup ڈوڈہ میں مفت آئی چیک اپ کا اہتمام

author img

By

Published : May 23, 2023, 7:23 PM IST

ڈوڈہ ضلع ایڈمنسٹریشن نے ایک غیر سرکاری تنظیم کے اشتراک سے امراض چشم میں مبتلا مریضوں کے لیے ایک طبی کیمپ کا انعقاد کیا۔ Eye Checkup Doda

ڈوڈہ میں مفت آئی چیک اپ کا اہتمام
ڈوڈہ میں مفت آئی چیک اپ کا اہتمام

ڈوڈہ میں مفت آئی چیک اپ کا اہتمام

ڈوڈہ (جموں و کشمیر) : خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ اکثر و بیشتر ضلع صدر مقام کے ساتھ ساتھ دور دراز اور دیہی علاقوں میں طبی کیمپس کا انعقاد کررہی ہے۔ علاج و معالجہ کے لیے نامور طبی ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی غرض سے ضلع انتظامیہ نے احمد فاؤنڈیشن نامی ایک این جی او کے اشتراک سے ایسوسی ایٹڈ ہاسپٹل، جی ایم سی، ڈوڈہ کے او پی ڈی بلاک میں امراض چشم میں مبتلا افراد کے لیے مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا۔

کیمپ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، وشیش پال مہاجن، نے کیا، اس موقع پر سیول، پولیس اور محکمہ صحت کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ طبی کیمپ میں معروف ماہر امراض چشم، ڈاکٹر اشوک شرما، اور ان کی ٹیم نے شعبہ امراض چشم، جی ایم سی ڈوڈہ، کے ہمراہ کیمپ میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں کی آنکھوں کا چیک اپ کیا اور انہیں مفید مشوروں سے نوازا۔ ڈاکٹر اشوک شرما اور طبی کیمپ منعقد کرنے والے رضاکاروں نے دعویٰ کیا کہ طبی کیمپ میں بیشتر مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا جبکہ ڈاکٹروں نے جن مریضوں کو جراحی کی تجویز کی ان کا جموں میڈیکل کالج میں مفت علاج کیا جائے گا۔

قبل ازیں، ڈپٹی کمشنر نے افتتاحی تقریب کے موقع پر طبی کیمپ کے انعقاد پر ڈاکٹروں، احمد فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلع میں بہتر اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور جی ایم سی ڈوڈہ اور محکمہ صحت عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ طرح کے کیمپس کا بھرپور استفادہ حاصل کریں اور طبی کیمپس سمیت صحت سے متعلق وضع کی گئی اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔

مزید پڑھیں: Eye Checkup Camp in Kashmir University: کشمیر یونیورسٹی میں آنکھوں کے مفت معائنہ کیمپ

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.