ETV Bharat / state

مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ: سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف جاری قابل ضمانت وارنٹ پر اسٹے

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 20, 2024, 8:23 PM IST

مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ

Malegaon 2008 Bomb Blast Case: پرگیہ سنگھ ٹھاکر عدالت سے مسلسل غیر حاضر ہیں، جس کی وجہ سے گزشتہ دنوں خصوصی جج نے ملزمہ کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا، جس وارنٹ پر عدالت نے اسٹے دے دیا۔

مالیگاؤں: مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں گزشتہ کئی ماہ سے خصوصی این آئی اے عدالت سی آر پی سی کی دفعہ 313/ کے تحت ملزمین کے بیانات کا اندراج کررہی ہے۔ عدالت اب تک ملزمین سے تقریباً اٹھارہ سوالات پوچھ چکی ہے۔ تین سو گواہان کی گواہی کی بنیاد پر یہ سوالات پوچھے جاچکے ہیں۔ اب بھی تقریباً پچیس گواہان کے بیانات کی بنیاد پر ملزمین سے سوالات پوچھے جانا باقی ہے۔

غور طلب ہو کہ چند ملزمین بشمول سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر عدالت سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔ جس کی وجہ سے گزشتہ دنوں خصوصی جج نے ملزمہ کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا۔ آج اسے عدالت میں حاضر رہنے کا حکم دیا تھا لیکن آج بھی سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر عدالت میں میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے حاضر نہیں ہوسکی۔ جس کے بعد عدالت نے وارنٹ پر اسٹے دے دیا۔

سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے وکیل جے پی مشراء نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ آج عدالت میں پیش ہونے کے لیے بھوپال سے بذریعہ ہوائی جہاز ممبئی کے لیے نکلی تھی، لیکن ممبئی پہنچتے ہی ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ لہذا اسے لیلاوتی اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔ لہذا اس کے خلاف جاری قابل ضمانت وارنٹ پر اسٹے دیا جائے۔

خصوصی این آئی اے عدالت جج اے کے لاہوٹی نے ملزمہ کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ پر اسٹے دے دیا اور حکم دیا کہ اسپتال سے ڈسچارج ہوتے ہوئے اسے عدالت کے سامنے پیش ہونا ہوگا، بصورت دیگر اس پر عدالت کارروائی کرے گی۔

اسی درمیان ملزم دیانند پانڈے عدالت کے روبرو حاضر ہوا اور اس نے عدالت سے اس کے خلاف جاری کیے گئے قابل ضمانت وارنٹ کو کینسل کرنے کو کہا۔ جس درخواست پر عدالت نے ملزم کو پہلے پھٹکار لگائی اور عدالت سے جھوٹ بولنے میں اسے متنبہ کیا۔

خصوصی جج نے کہا کہ آج اس کی عرضداشت منظور کی جاتی ہے لیکن اگر اگلی مرتبہ اس نے ایسی حرکت کی تو اس کے خلاف نا قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا جائے گا اور اسے جیل بھیجا جائے گا۔ عدالت کی جانب سے متعین کی گئی تاریخوں پر تمام ملزمین کو حاضر ہونا ہوگا۔ عدالت جلد از جلد ملزمین کے بیانات درج کرنا چاہتی ہے۔

ملزمین کے بیانات کے اندراج کے لیے عدالت نے اپریل ماہ میں دس دن متعین کیا ہے اور تمام ملزمین اور ان کے وکلاء کو ایڈوانس میں تاریخ بتا دی گئی ہے۔ دوران سماعت عدالت میں این آئی اے کی جانب سے ایڈوکیٹ اویناس رسال، بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم (جمعیۃ علماء مہاراشٹر) و دیگر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں:

واضح رہے کہ ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجر رمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ کی سماعت روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔ 323 سرکاری گواہان کے بیانات کے اندراج کے بعد عدالت نے ملزمین کے 313 کے بیانات کا اندراج شروع کر دیا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.