ETV Bharat / state

آندھرا پردیش کو مرکز سے سوال کرنے والی ایک مضبوط آواز کی ضرورت ہے: ریونت ریڈی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 17, 2024, 9:16 AM IST

تلنگانہ کے وزیر اعلی ریونت ریڈی نے وشاکھاپٹنم میں کانگریس کی ریلی سے خطاب کے دوران ریاست کی حکمراں پارٹی، بی جے پی اور تلگو دیشم پارٹی پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔

Revanth Reddy
Revanth Reddy

وشاکھاپٹنم: تلنگانہ کے وزیراعلی اے ریونت ریڈی نے ہفتہ کے روز کہا کہ آندھرا پردیش کو ایک مضبوط آواز کی ضرورت ہے جو ریاست کے مفادات کے تحفظ کے لئے مرکز سے سوال کر سکے۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے وائی ایس جگن موہن ریڈی اور ٹی ڈی پی صدر این چندرابابو نائیڈو پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف "حکمران بننا چاہتے ہیں اور مرکز سے سوال کرنے کی آواز نہیں"۔ وہ یہاں آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے وشاکھاپٹنم اسٹیل پلان کی نجکاری کی مخالفت کے لیے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ آندھرا پردیش کانگریس کے سربراہ وائی ایس شرمیلا اور دیگر رہنماوں نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔

یہ الزام لگاتے ہوئے کہ آندھرا پردیش کے حکمرانوں نے دہلی میں عزت نفس کو گروی رکھا، ریونت ریڈی نے کہا کہ چونکہ ان میں "آواز اٹھانے کی ہمت نہیں ہے، اس لیے مرکز نے ریاست کو نظر انداز کیا"۔ انہوں نے کہا کہ پولاورم پروجیکٹ 10 سال بعد بھی مکمل نہیں ہوسکا جبکہ ریاست کے پاس اب بھی کوئی سرمایہ نہیں ہے۔

ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ "بی جے پی کا مطلب ہے بابو، جگن، پون۔ یہ مودی کی ٹیم ہے۔ جو بھی جیتے گا وہ اس کا ساتھ دے گا۔ آپ کو ایک ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو آندھرا کے مسائل کو حل کرنے کے لیے لڑ سکے۔ آندھرا پردیش کے لوگوں کو حکمرانوں کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ایک مضبوط آواز کی ضرورت ہے جو سوال کر سکتی ہو"۔

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے مزید دعویٰ کیا کہ "آندھرا پردیش کے کسی بھی رہنما نے وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کی نجکاری کے مرکز کے اقدام پر سوال نہیں اٹھایا"۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یہ پلانٹ 32 افراد کی جانوں کے نذرانے کے بعد حاصل کیا گیا تھا۔ ریونت ریڈی نے تلگو عوام کے درمیان اتحاد پر زور دیا تاکہ وہ اپنے حقوق کے لیے لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ شرمیلا ریڈی یہاں اس وقت آئی ہیں جب آندھرا پردیش کے لوگ "مشکل میں ہیں"۔

یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد شہر کے چاروں طرف یکساں ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے: ریونت ریڈی

انہوں نے مزید کہا ہے کہ "شرمیلا نے اسٹیل پلانٹ کے تحفظ کے لیے میٹنگ کا اہتمام کرکے ایک جرات مندانہ قدم اٹھایا"۔ تلنگانہ کے وزیراعلی نے انہیں اپنے والد سابق وزیراعلی آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا ’’حقیقی جانشین‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلسہ عام میں زبردست ردعمل دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں۔

آئی اے این ایس

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.