ETV Bharat / sports

یشسوی اور بمراہ کا حملہ، میچ پر ہندستان کی گرفت مظبوط

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 3, 2024, 7:28 PM IST

India Vs England 2nd Test
یشسوی اور بمراہ کا حملہ، میچ پر ہندستان کی گرفت مظبوط

India Vs England 2nd Test جسپریت بمراہ (45 رن پر چھ وکٹ) کے قاتلانہ حملے کے ساتھ یشسوی جیوال (209) کی شاندار ڈبل سنچری کے بعد ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کے روز انگلینڈ کے خلاف اپنی گرفت مضبوط کر لی۔

وشاکھاپٹنم: ہندستان نے پہلی اننگز میں 396 رن بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی پہلی اننگز 253 رن پر سمٹ گئی۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک میزبان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 28 رن بنا چکی تھی۔ کپتان روہت شرما 13 اور یشسوی جیسوال 15 رن بناکر کریز پر موجود تھے۔ ہندستان کی اب تک کی مجموعی سبقت 171 رن ہے۔ ہندوستانی بلے باز تیسرے دن 400 رن سے زیادہ برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ مہمان ٹیم پر کافی دباؤ پیدا کیا جاسکے۔

آج کے کھیل کی خاص بات نوجوان یشسوی کی ڈبل سنچری رہی۔ بیٹنگ کے لیے مشکل سمجھی جانے والی پچ پر ممبئی کے بلے باز نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنے کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی۔انہوں نے انگلش اسپنر شعیب بشیر کی گیند پر ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر 277 گیندوں میں اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔

وہ یہ شاندار کارنامہ انجام دینے والے تیسرے سب سے کم عمر ہندوستانی بھی بن گئے۔ ڈبل سنچری بنانے والے سب سے کم عمر ہندوستانی کھلاڑی ونود کامبلی ہیں جنہوں نے 1993 میں وانکھیڑے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف 21 سال 35 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

انگلینڈ کی اننگز کی سنوارنے میں زیک کرولی (78) کا حصہ اہم رہا جنہوں نے صرف 76 گیندوں کی اننگز میں ہندوستانی گیند بازوں کو تہس نہس کردیا۔ اگرچہ ہندوستان نے دوسرے سیشن کا آغاز دھوم دھام سے کیا جب کلدیپ یادو نے بین ڈکٹ کو رجت پاٹیدار کے ہاتھوں سلی پوائنٹ پر کیچ کرایا، دوسرے سرے پر کرولی کا جارحانہ انداز جاری رہا۔ اکشر پٹیل نے ہندستان کے لیے خطرناک ثابت ہو رہے کرالی کو اپنا شکار بنایا ۔ اکشر کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کرولی شریس ایر کو کیچ دے بیٹھے۔

ہندوستانی کپتان نے ریورس سوئنگ کی امید میں گیند جسپریت بمراہ کے حوالے کی اور انہوں نے جو روٹ کو پہلی سلپ پر شبھمن گل کے ہاتھوں آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد انہوں نے اولی پوپ کو یارکر سے کلین بولڈ کیا۔ بمراہ یہیں نہیں رکے اور جونی بیرسٹو (25) اور کپتان بین اسٹوکس (47) کو آوٹ کرکے انگلینڈ کی مشکلات میں اضافہ کیا۔

آخری دو بلے باز ٹام ہارٹلی (21) اور جیمز اینڈرسن (6) بھی بمراہ کا شکار بنے۔ دوسرے سرے پر کلدیپ یادو (71 رن پر 3 وکٹ) نے رن دینے کے باوجود مخالف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ اس سے قبل جیسوال نے اپنی کرشماتی پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری بنائی جبکہ اوورنائٹ بلے باز روی چندرن اشون نے کچھ شاندار چوکے لگائے، لیکن اینڈرسن نے انہیں اسٹمپ کے پیچھے بین فاکس کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:

جیسوال نے اسپنروں کے خلاف خطرناک چانس لینا شروع کیے لیکن انگلینڈ رن ریٹ کو قابو میں رکھنے میں کامیاب رہا۔ اینڈرسن نے رفتار بدلی اور یشسوی کی یادگار اننگز کا خاتمہ کیا۔ وہ جونی بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان کے ٹیل اینڈرز زیادہ دیر تک انگلینڈ کے گیند بازوں کا مقابلہ نہیں کر سکے۔ (یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.