ETV Bharat / sports

آئی پی ایل کے رواں سیزن میں چنئی کو پہلی شکست تو دہلی کی پہلی جیت - DC vs CSK

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Apr 1, 2024, 4:49 PM IST

IPL 2024: Delhi Capitals beats Chennai Super Kings by 20 runs
آئی پی ایل کے رواں سیزن میں چنئی کو پہلی شکست تو دہلی کی پہلی جیت

آئی پی ایل 2024 میں اتوار کو کھیلے گئے 13ویں میچ میں دہلی کیپٹلس نے چنئی سپر کنگز کو 20 رنوں سے شکست دے دی۔ دہلی کیپیٹلس کے لیے اس سیزن میں یہ پہلی جیت تھی جبکہ چنئی کے لیے پہلی شکست تھی۔

وشاکھاپٹنم: ڈیوڈ وارنر اور رشبھ پنت کی نصف سنچریوں کے بعد مکیش کمار اور خلیل احمد کی جارحانہ بالنگ کی بدولت دہلی کیپٹلس نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 13ویں میچ میں چنئی سپر کنگز کو 20 رنوں سے شکست دے دی۔

192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چنئی سپر کنگز کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں اپنے دونوں اوپنرز کے وکٹ گنوا دیئے۔ کپتان رتوراج گائیکواڑ ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، راچن رویندرا نے دو رن بنائے۔ دونوں بلے بازوں کو خلیل احمد نے آؤٹ کیا۔

اس کے بعد اجنکیا رہانے اور ڈیرل مچل نے تیسرے وکٹ کے لیے 72 رن جوڑے۔ اجنکیا رہانے نے 30 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈیرل مچل نے 26 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 34 رن بنائے۔ شیوم دوبے 18 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سمیر رضوی اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔

مکیش کمار نے رہانے، دوبے اور رضوی کو آؤٹ کر کے چنئی کی کمر توڑ دی۔ رویندر جڈیجہ 21 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، مہندر سنگھ دھونی 37 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ چنئی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹ پر صرف 171 رن ہی بنا سکی اور 20 رن سے میچ ہار گئی۔ دہلی کی جانب سے مکیش کمار نے تین وکٹ لیے۔ خلیل احمد نے دو وکٹ حاصل کئے جبکہ اکشر پٹیل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ڈیوڈ وارنر کی 52رن، کپتان رشبھ پنت کی 51 رنوں کی نصف سنچری اور پرتھوی شا کی 43 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت دہلی کیپٹلس نے اتوار کو آئی پی ایل کے 13ویں میچ میں چنئی سپر کنگز کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پرتھوی شا اور ڈیوڈ وارنر کی اوپننگ جوڑی نے دہلی کے لیے شاندار آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت داری کی۔

مستفیض نے ڈیوڈ وارنر کو 10 اوور میں پتھی رانا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر اس شراکت کو توڑا۔ وارنر نے 35 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے بعد اگلے ہی اوور میں جڈیجہ نے پرتھوی شا کو آؤٹ کر کے دہلی کا دوسرا وکٹ لیا۔ پرتھوی شا نے 27 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ مچل مارش 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ٹرسٹن اسٹبس کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان رشبھ پنت 12 گیندوں میں 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اکشر پٹیل سات رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے اور ابھیشیک پورل نو رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ دہلی نے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 191 رنز بنائے۔ چنئی کی جانب سے متھیشا پاتھی رانا نے تین وکٹ حاصل کئے۔ رویندرا جڈیجہ اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ (یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.