ETV Bharat / sports

حیدرآباد کی ایک اور زبردست جیت، دہلی کیپٹلس کو اسی کے گھر میں 67 رنوں سے شکست - DC Vs SRH

author img

By UNI (United News of India)

Published : Apr 21, 2024, 6:33 AM IST

حیدرآباد نے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹ پر 266 رن بنائے تھے جس کے جواب میں دہلی کیپیٹلس 19.1 اوور میں 199 رن پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ آئی پی ایل کے رواں سیزن میں یہ تیسرا موقع ہے جب حیدرآباد نے 250 سے زیادہ رن بنائے ہیں۔

Etv Bharat
Etv Bharat

نئی دہلی: ٹریوس ہیڈ (32 گیندوں پر 89 رن) اور ابھیشیک شرما (12 گیندوں پر 46 رن) کے درمیان 131 رن کی طوفانی سنچری شراکت کی مدد سے سن رائزرز حیدرآباد نے انڈین پریمیئر لیگ کے 35ویں میچ میں ہفتہ کو دہلی کیپٹلس کو 67 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔

حیدرآباد نے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوور میں سات وکٹ پر 266 رن بنائے جس کے جواب میں میزبان ٹیم 19.1 اوور میں 199 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ آئی پی ایل کے رواں سیزن میں یہ تیسرا موقع ہے جب حیدرآباد نے 250 سے زیادہ رن بنائے ہیں۔

اس جیت کے ساتھ ہی سن رائزرس حیدرآباد راجستھان رائلز کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ دہلی کیپٹلس ساتویں نمبر پر چلی گئی ہے۔

266 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی کی شروعات مایوس کن رہی جب اس نے محض 25 رن پر ہی دو وکٹ گنوا دیئے لیکن جیک فریزر-میک گرک (18 گیندوں پر 65 رن) اور ابھیشیک پوریل (42) نے 30 گیندوں میں 84 رن کی شراکت داری کرکے دلی کی امیدوں کو برقرار رکھا۔

ان دونون کھلاڑیوں کو مینک مارکنڈے نے نمٹاکر دہلی کا دل توڑ دیا۔ اگرچہ کپتان رشبھ پنت (44) نے ہدف کے قریب پہنچنے کی سست کوشش کی، لیکن ان کی کوششوں پر بھی بعد کے بلے بازوں نے اپنا وکٹ جلدی گنوا کر رہی سہی کسر پوری کردی۔

تھنگاراسو نٹراجن نے یکے بعد دیگرے چار وکٹ لے کر فتح کے مارجن کو اور بھی بڑھا دیا۔ اس سے قبل واشنگٹن سندر اور بھونیشور کمار نے اوپننگ جوڑی کو سستے میں ٹھکانے لگا کر حیدرآباد کا راستہ آسان کر دیا تھا۔ فریزر نے 28 منٹ تک کریز پر رہ کر دہلی کے ماحول کی گرمی کو بڑھا دیا تھا۔

اس سے قبل کلدیپ نے اپنے ایک اوور ابھیشیک اور ایڈن مارکرم (1) کو آؤٹ کرکے حیدرآبادکے تیور نرم کئے اور اسی دوران سنچری کے راستے پر گامزن ٹریوس ہیڈ بھی اگلے ہی اوور میں کلدیپ کا تیسرا شکار بن گئے جب آف سٹیمپ سے باہر جا رہی گیند کو پُل کرنے کی کوشش میں لانگ آن باؤنڈری پر ٹریسٹن نے آگے کی جانب ڈرائیو لگاکر ان کا شاندار کیچ لے لیا۔ انہوں نے 42 منٹ تک کریز پر رہ کر 11 چوکے اور چھ چھکے لگائے۔

اننگز کے دسویں اوور میں اکشر پٹیل نے ہینرک کلاسن (15) کو کلین بولڈ کر کے رنوں کی رفتار کو مکمل طور پر قابو کر لیا۔ اگرچہ نتیش کمار ریڈی (37) نے کچھ اچھے شاٹس کھیل کر رن ریٹ بڑھانے کی کوشش کی لیکن وہ کلدیپ کی توجہ سے بچ نہیں سکے جب وہ مڈل اسٹمپ پر پھینکی گئی گُڈ لینتھ گیند کو پُل کرنے کی کوشش میں لانگ آن پر کھڑے ڈیوڈ وارنر کو کیچ تھما بیٹھے۔

آخری اوورز میں شہباز احمد (ناٹ آؤٹ 59) نے تیز رفتاری سے رن بنائے اور ٹیم کے اسکور کو 250 سے آگے لے گئے تاہم دوسرے سرے پر متوقع تعاون نہ ملنے کے باعث وہ ٹیم کے اسکور کو 300 کے قریب بھی لے جانے میں ناکام رہے۔

کلدیپ یادو نے 55 رن کے عوض چار وکٹ حاصل کئے جبکہ مکیش کمار اور اکشر پٹیل کو ایک ایک وکٹ ملا۔ کپتان پیٹ کمنز دوسرا رن چرانے کی کوشش میں پہلی ہی گیند پر اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ (یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.