ETV Bharat / sports

دہلی کیپٹلس نے گجرات ٹائٹنز کو چار رنوں سے شکست دی - IPL 2024

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Apr 25, 2024, 10:30 AM IST

دہلی کیپٹلس نے گجرات ٹائٹنز کو چار رنوں سے شکست دی
دہلی کیپٹلس نے گجرات ٹائٹنز کو چار رنوں سے شکست دی

Gujarat Titans beat Delhi Capitals رشبھ پنت ناٹ آؤٹ (88) اور اکشر پٹیل (66) کی شاندار اننگز کے بعد گیند بازوں کی زبردست کارکردگی کی بدولت دہلی کیپٹلس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 40ویں میچ میں گجرات ٹائٹنز کو چار رنز سے شکست دے دی۔

نئی دہلی:225 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گجرات نے آخری گیند تک مقابلہ کیا۔ راشد خان آخری گیند پر چھکا لگانے سے چوکے اور دہلی چار رنز سے جیت گیا۔ دہلی کی یہ نو میچوں میں چوتھی جیت ہے۔ ریدھیمان ساہا اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی نے گجرات کے لیے تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی۔ اس دوران اینریک نورٹیز نے دوسرے اوور میں گل (6) کو پویلین بھیج دیا۔

اس کے بعد ساہا نے سائی سدرشن کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 82 رنز جوڑے۔ ساہا کو کلدیپ نے آؤٹ کیا۔ ساہا نے 25 گیندوں میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 39 رنز بنائے۔ 11ویں اوور میں عظمت اللہ عمرزئی (1) رن پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈیوڈ ملر نے کمان سنبھالی۔ سائی سدرشن نے 39 گیندوں میں سات چوکے اور دو چھکے لگا کر سب سے زیادہ 65 رنز بنائے۔

ملر نے 23 گیندوں پر 55 رنز کی اہم اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ شاہ رخ خان (8)، راہل تیوتیا (4)، سائی کشور (13) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ راشد خان 11 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ گجرات کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 220 رنز ہی بنا سکی اور میچ چار رنز سے ہار گئی۔ یہ گجرات کی نو میچوں میں پانچویں شکست ہے۔

دہلی کے لیے راسخ سلام نے تین وکٹ لیے۔ کلدیپ یادو کو دووکٹ ملے۔ اینریک نارٹیز، مکیش کمار اور اکشر پٹیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل، کپتان رشبھ پنت ناٹ آؤٹ (88) اور اکشر پٹیل (66) کی شاندار اننگز کی بدولت دہلی کیپٹلس نے بدھ کو گجرات ٹائٹنز کو جیت کے لیے 225 رنز کا ہدف دیا۔

آج یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری دہلی نے میچ کا آغاز چوکے سے کرتے ہوئے اپنے ارادوں کو ظاہر کردیا۔ چوتھے اوور میں واریئر نے نور کے ہاتھوں جیک فریزر کوآؤٹ کرکے گجرات کو پہلی کامیابی دلائی۔ فریزر نے 14 گیندوں میں 23 رنز بنائے۔ اس کے بعد پرتھوی شا (11) اور شو ہوپ (5) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:لکھنؤ سپر جائنٹس نے چنئی سپر کنگز کو چھ وکٹوں سے ہرایا - IPL 2024

اکشر پٹیل اور رشبھ پنت نے اننگ کو سنبھالا۔ اکشر پٹیل نے 43 گیندوں میں پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 66 رنز کی اننگ کھیلی۔ انہیں 17ویں اوور میں نور نے سائی کشور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ پنت نے 43 گیندوں میں 88 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے۔ ٹرسٹن اسٹبس سات گیندوں پر 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دہلی کیپٹلس نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹ پر 224 رنز بنائے۔گجرات ٹائٹنز کی جانب سے سندیپ واریئر نے تین اور نور احمد نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

یواین آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.