ETV Bharat / literature

پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی کی یاد میں سمینار - Professor Safdar Sultan Islahi

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 14, 2024, 3:20 PM IST

Seminar on Professor Safdar Sultan Islahi ادارہ تحقیق و تصنیف اسلامی علی گڑھ کے سابق سیکریٹری پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی کی یاد میں سمینار کا انعقاد کیا گیاـ

پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی کی یاد میں سمینار
پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی کی یاد میں سمینار (ETV Bharat)

پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی کی یاد میں سمینار (ETV Bharat)

علیگڑھ: پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی کی یاد میں منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اشتیاق احمد ظلی نے ڈاکٹر صفدر مرحوم سے اپنے تعلق کے اظہار کے ساتھ ان کی معاملہ فہمی, قوت فیصلہ اور ان کے غیر مطبوعہ مقالہ مولانا عبد الباری ندوی حیات وخدمات کی روشنی میں ان کے علمی و تحقیقی ذوق پر روشنی ڈالی، وہیں امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی نے کہا موصوف کے ساتھ میرا تعلق میری ایس آئی او سے ابتدائی وابستگی کے زمانہ سے ہے۔ اس وقت وہ ایس آئی آؤ کے جنرل سکریٹری ہوا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی ادارہ تحقیق کے سکریٹری بنائے گئے تو آپ نے بہت کم وقت میں ادارہ کے مسائل کو سمجھا اور اس کی ترقی کے لیے راہیں ہموار کرنے میں جٹ گئے۔ آپ نے اپنی انتظامی صلاحیت اور مسلسل جد و جہد سے ادارہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

پروفیسر ظفر الاسلام اصلاحی نے کہا کہ آپ کے اندر اللہ نے مختلف صفات ودیعت فرمائی تھی، امانت و دیانت داری ایفائے عہد، انتظامی صلاحیت اور اسکے علاوہ آپ ایک سرگرم با اخلاق تحریکی کارکن تھے۔ آپ نے کہا کہ ڈاکٹر صفدر کی ایک بڑی خوبی یہ بھی تھی کہ وہ نقد و تنقید کرنے والوں کو اپنا محسن مانتے، ان کو جب کسی خامی یا خوبی کی طرف متوجہ کیا جاتا تو بطیب خاطر وہ اس کو قبول کرتے اور اس پر احسان مندی کا اظہار فرماتے۔

پروفیسر ایاز احمد اصلاحی نے کہا کہ آپ کا سب سے نمایاں وصف بے باکی، حق گوئی، درست بات کو جرات مندانہ انداز سے پیش کرنا خواہ اس کی خاطر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا مگر وہ حق کہنے سے نہایت کتراتے تھے اور لومۃ لائم کی پرواہ کیے بغیر وہ اپنی بات اعتدال سے پیش کرتے۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین فلاحی نے کہا کہ انسانی شخصیت کی تشکیل میں تقریر اور تحریر دونوں کا بہت بڑا رول ہوتا ہے یہ دونوں صلاحتیں آپ کے اندر موجود تھیں۔

ڈاکٹر محی الدین غازی نے کہا کہ پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی نے تحریک اسلامی کی دو شخصیات پر لکھا اور قدرے تفصیل سے لکھا, ایک مولانا امین احسن اصلاحی دوسرے مولانا صدر الدین اصلاحی، یہ دونوں شخصیات وہ ہیں جنہوں نے مولانا مودودی کے بعد تحریک اسلامی کو سب سے زیادہ اوریجنل لٹریچر فراہم کیا۔ ادارہ کے سکریٹری مولانا اشہد جمال ندوی نے کلمات تشکر پیش کرتے ہوئے کہا پروفیسر صفدر صاحب کی شخصیت اپنی ذات میں ایک بڑی انجمن تھی جس کے اندر بے شمار صلاحیتیں موجود تھیں جن کا ذکر سمینار میں ہوا جس کا تقاضہ ہے کہ ہم آپ کے اس علمی ورثہ کو اگکی نسلوں تک منتقل کریں اسی پر آپ نے سمینار کے اختتام کا اعلان کیا۔

واضح رہے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ عربی میں پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی کا 11 فروری 2017 کو ایک کار حادثے میں انتقال ہوگیا۔ حادثے کے وقت وہ علی گڑھ سے دہلی کا سفر کر رہے تھے۔ یہ حادثہ جمنا ایکسپریس روڈ پر ہوا۔ ان کے ساتھ علی گڑھ کے ایک اور پروفیسر ظفر الاسلام اصلاحی بھی سفر کررہے تھے اور اس حادثے میں وہ زخمی ہوگئے ہیں۔ پروفیسر صفدر سلطان اصلاحی سرائے میر کے پاس لاہی ڈیہہ نامی گاؤں کے رہنے والے تھے۔ اس وقت ان کی عمر 50 سال تھی ۔ ظفر الاسلام اصلاحی کا تعلق چھتے پور نامی گاؤں سے ہے۔ صفد سلطان اصلاحی جماعت اسلامی ہند سے وابستہ تھے۔ وہ سنیچر کی صبح علی گڑھ سے دہلی جماعت اسلامی کی ایک میٹنگ میں شرکت کرنے کے لئے آرہے تھے۔ آپ جماعت کی مختلف ذمہ داریوں پر ماضی میں فائز رہے اور اس وقت جماعت اسلامی اترپردیش کی مجلس شوری اور مرکزی مجلس نمائندگان کے رکن تھے۔ آپ کے والد مولانا سلطان احمد اصلاحی بھی لاہی ڈیہہ میں جماعت کے سرگرم رکن کی حیثیت سے جانے جاتے تھے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.