ETV Bharat / jammu-and-kashmir

پارلیمانی انتخابات سے کشمیری پنڈتوں کی امیدیں وابستہ - Kashmiri Pandits on Elections

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 15, 2024, 12:57 PM IST

Kashmiri Migrant Pandits about Lok Sabha Election 2024 جموں میں رہائش پذیر کشمیری پنڈتوں کا الزام ہے کہ سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ ان کے مطالبات کو نظر انداز کیا تاہم انہیں ہر بار کی طرح اس بار بھی جیتنے والے امیدواروں کے ساتھ امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔

جموں
کشمیری پنڈت (ای ٹی وی بھارت)

پارلیمانی انتخابات سے کشمیری پنڈتوں کی امیدیں وابستہ (ای ٹی وی بھارت)

سرینگر (جموں کشمیر) : لوک سبھا انتخابات کے تحت صوبہ جموں کی دو جبکہ وادی کشمیر کی ایک نشست کے لیے ووٹنگ انجام دی گئی جبکہ شمالی اور جنوبی کشمیر کی دو نشستوں کے لیے اگلے ہفتے انتخابات طے ہیں۔ ان انتخابات میں جہاں ہزاروں نوجوان پہلی مرتبہ ووٹ ڈال رہے ہیں وہیں وادی کشمیر سے ہجرت کرکے جموں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آباد کشمیری پنڈتوں کے لیے ’’مائیگرنٹ ووٹنگ بوتھ‘‘ قائم کیے جا رہے ہیں۔

سرینگر لوک سبھا نشست کے لیے چوتھے مرحلے کے تحت 13 مئی کو ووٹنگ ہوئی جس میں 8.7 لاکھ خواتین سمیت 17.4 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے قریب چالیس فیصد لوگوں نے 24 امیدواروں کے لیے ووٹ ڈالے۔ جبکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے جموں میں کشمیری ہندوؤں (پنڈتوں) کے لئے 21 پولنگ اسٹیشن قائم کیے تھے، اس کے علاوہ ادھمپور میں ایک جبکہ دارالحکومت دہلی میں چار پولنگ مراکز قائم کیے گئے تھے۔

جموں کے جگتی کیمپ میں بھی پولنگ مراکز قائم کیے گئے تھے، ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے مہاجر کشمیری پنڈتوں کے ساتھ الیکشن کے حوالہ سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا: ’’ہم اُس پارلیمانی امیدوار کو ووٹ دیتے آ رہے ہیں، اور مستقبل میں بھی اسی کو ووٹ دیں گے جس کا ایجنڈا تعمیر و ترقی پر مبنی ہے۔‘‘ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی سمیت سبھی علاقائی و قومی سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کشمیری پنڈتوں نے کہا: ’’ہمارے ساتھ سبھی حکومتوں نے استحصال کیا۔ ہمارے نام پو ووٹ مانگے گئے، اسکیمیں وضع کی گئیں، مگر پنڈتوں کی بازآبادکاری اور فلاح و بہبود کے لیے اگر کچھ کیا گیا ہوتا تو آج بھی ہم ٹھوکریں نہیں کھا رہے ہوتے۔‘‘

کشمیری پنڈتوں نے گرچہ سبھی سیاسی جماعتوں پر انہیں نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا تاہم انہوں نے جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کے لیے ووٹنگ کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا: ’’کسی بھی حکومت نے ہمارے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا، تاہم اس کے باوجود ہم اس امید میں ووٹ ڈال رہے ہیں کہ چنا ہوا نمائندہ کشمیری پنڈتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی پی اکثریتی علاقوں میں ووٹنگ عمل کو سست کرنے کی کوشش کی گئی: محبوبہ مفتی - Mehbooba on Voter Turnout

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.