ETV Bharat / jammu-and-kashmir

سوپور میں بیٹے کے ہاتھوں ماں کے قتل کی سنسنی خیز واردات - SON ALLEGEDLY KILLS MOTHER

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Apr 15, 2024, 9:12 AM IST

Updated : Apr 15, 2024, 1:49 PM IST

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سوپور میں ایک انتہائی افسوسناک اور شرمناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک بیٹے نے مبینہ طور پر اپنی ماں کا قتل کردیا۔

سوپور میں بیٹے نے مبینہ طور پر ماں کو قتل کردیا
سوپور میں بیٹے نے مبینہ طور پر ماں کو قتل کردیا

سوپور میں بیٹے کے ہاتھوں مبینہ طور پر ماں کا قتل

سوپور: شمالی ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد سوپور علاقے میں بیٹے نے ماں کا قتل کیا ، پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لا کر ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہادی پورہ رفیع آباد بارہ مولہ میں اس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب بیٹے نے تیز دھار والے ہتھیار سے اپنی ماں کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہادی پورہ رفیع آباد میں عامر وانی عرف گجنی نامی درندہ صفت بیٹے نے ماں پر تیز دھار والے ہتھیار سے کئی وار کئے جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ قتل کی اس سنسنی خیز واردات کے بعد پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور انہوں نے ملزم کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔

پیر کی صبح ہادی پورہ رفیع آباد میں مرد و زن سڑکوں پر نکل آئے اور قتل کی اس سنسنی خیز واردات میں ملوث نوجوان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ مقامی لوگوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ملزم منشیات کا عادی ہے۔ انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس طرح کے واقعات پر قابو پایا جاسکے۔

مزید پڑھیں:پولیس اور سی آر پی ایف نے کاکا پورہ پلوامہ میں ایک شخص کی جان بچائی - Crpf Saves Drivers Life

مقامی لوگوں کا مزید کہنا تھاکہ ہادی پورہ رفیع آباد میں اس طرح کا واقع رونما ہونا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات نے سماج کو اندر سے کھوکھلا کیا ہوا ہے لہذا اب سب کو اس کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ انہوں نے قتل کی اس سنسنی خیز واردات میں ملوث ملزم کو پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناء پولیس ذرائع نے بتایا کہ قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں دفعہ 302کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔

Last Updated : Apr 15, 2024, 1:49 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.