ETV Bharat / jammu-and-kashmir

امام ابو حنیفہؒ کی بے مثال اور تاریخ ساز دینی خدمات ہر دور کیلئے مشعل راہ، میرواعظ کشمیر

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 15, 2024, 5:42 PM IST

Imam Abu Hanifa (RA) اسلامی فقہ میں حضرت امام اعظم ابو حنیفہ کا مقام بہت بلند ہے۔ آپ کا اصل نام نعمان بن ثابت بن زوطا ؒ ہے۔ آپ 80 ہجری بمطابق 699ء میں کوفہ میں پیدا ہوئے، اور آپ کا انتقال بغداد میں 150 ہجری میں ہوا تھا۔

میرواعظ کشمیر
میرواعظ کشمیر

سرینگر: میرواعظ کشمیر اور انجمن اوقاف جامع مسجد کے صدر میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے سیدنا حضرت امام اعظم، امام ابو حنیفہؒ کے یوم وصال کے موقعہ پر حضرت امام اعظم ؒ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔

میرواعظ نے حضرت امام اعظم ابو حنیفہ ؒ کی بے مثال اور تاریخ ساز علمی، فقہی، اور دینی خدمات اور بے پایاں فقہی بصیرت اور دور اندیشی کو ہر دور کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام اعظم نے قرآن کریم اور صحیح احادیث مقدسہ کو سامنے رکھ کر امت اور ملت اسلامیہ کی رہنمائی کیلئے ہزاروں مسائل کا استخراج اور استنباط کیا اور باقاعدہ فقہی اسلامی تدوین فرما کر تاقیام قیامت مسلک حق کی وضاحت اور تشریح فرما ئی۔

میرواعظ کشمیر نے کہا کہ حضرت امام اعظم ابو حنیفہؒ کا علمی مقام، بلند و بالا شخصیت، زہد و تقویٰ، عبادت و ریاضت، خدا ترسی اور خدمت خلق کا جذبہ ہر وصف اپنی جگہ ایک درخشندہ مثال اور قابل تقلید ہے۔

مزید پڑھیں: جبر سے امن ممکن نہیں، میرواعظ


انہوں نے کہا کہ یہ فقہہ حنفی کی معنویت، اہمیت اور مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، کہ آج امت کا سواد اعظم یعنی مسلمانوں کی اکثریت فقہہ حنفی کے پیروکار اور امام اعظم کے مسلک پر عمل پیرا ہیں۔

بتادیں کہ اسلامی فقہ میں حضرت امام اعظم ابو حنیفہ کا پایہ بہت بلند ہے۔ آپ کا اصل نام نعمان بن ثابت بن زوطا ؒ ہے۔ آپ 80 ہجری بمطابق 699ء میں کوفہ میں پیدا ہوئے، اور آپ کا انتقال بغداد میں 150 ہجری میں ہوا تھا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.