ETV Bharat / jammu-and-kashmir

لداخ میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی آپسی سرپھٹول، کرگل اور لیہہ الگ راستوں پر - Ladakh Lok Sabha Seat

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 2, 2024, 1:25 PM IST

Updated : May 2, 2024, 1:55 PM IST

کرگل میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے آپسی مشاورت کے بعد حاجی حنیفہ جان کو لوک سبھا انتخاب کیلئے بطور امیدوار نامزد کیا لیکن لیہہ میں کانگریس نے اپنا الگ امیدرار ٹی نمگیال کی صورت میں متعارف کیا۔ کانگریس ہائی کمان نے ابھی واضح طور کسی امیدوار کی پشت پناہی نہیں کی ہے۔ NC Congress confused over nomination of Ladakh candidate

Ladakh lok sabha seat turns interesting congress fields two candidates in leh and kargil
Ladakh lok sabha seat turns interesting congress fields two candidates in leh and kargil

لداخ میں نیشنل کانگریس کی آپسی سرپھٹول، کرگل اور لیہہ الگ راستوں پر

سرینگر: کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے لداخ یونین ٹریٹری میں واحد پارلیمانی نشست کے لیے ضلع کرگل کے نیشنل کانفرنس کے لیڈر حاجی حنیفہ جان کو امیدوار نامزد کیا ہے، جس کے ردعمل میں لیہہ کے کانگریس لیڈروں نے نوجوان سیاسی لیڈر ٹی نمگیال کو بطور امیدوار متعارف کیا ہے تاہم ابھی تک کسی امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی دائر نہیں کیے۔

کرگل ضلع کے کانگریس صدر ناصر منشی نے ای ٹی وی بھارت کو دہلی سے فون پر بتایا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے حاجی حنیفہ جان کو الائنس کا امیدوار نامزد کیا ہے اور دونوں جماعتیں انہیں انتخابات میں کامیاب کرنے کے لیے مہم شروع کریں گے۔
ناصر منشی اور سابق رکن اسمبلی اصغر علی کربلائی نے آج دلی میں کانگریس قیادت سے ملاقات کرکے حاجی حنفیہ جان کو امیدارو نامزد کرنے کے لیے قیادت کی منظوری کا بھی دعویٰ کیا۔ ناصر منشی نے مزید بتایا کہ ضلع کرگل میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے حنیفہ جان کو مشترکہ امیدوار نامزد کرنا کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل کرگل میں ایک عجلت میں بلائی گئی پریس کانفرنس میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے لیڈروں نے اعلان کیا کہ باہمی مشاورت کے بعد انہوں نے حاجی حنیفہ جان کے نام پر اتفاق کیا ہے کیونکہ موصوف لداخ پہاڑی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین بھی رہے ہیں، ان کی عوامی ساکھ اچھی ہے اور وہ کانگریس کے حلقوں میں بھی معروف ہیں۔ نیشنل کانفرنس لیڈر غلام رسول نگوی نے بتایا کہ اتفاق رائے اس بات پر بھی ہوا ہے کہ حنیفہ جان کو کانگریس کے امیدوار کے طور متعارف کیا جائے اور نیشنل کانفرنس اسکی حمایت کرے گی۔ اس موقع پر کانگریس لیڈر کاچو فیروز نے کہا کہ حنیفہ جان کو کانگریس کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ان کی امیدواری میں کرگل کے عوام اور لداخ کے جملہ عوام کا مفاد ہے۔

فیروز نے کہا کہ اصغر کربلائی اور ناصر منشی دلی گئے ہوئے ہیں جہاں وہ کانگریس کی قیادت کو کرگل کے سیاسی رہنماؤں کے فیصلے سے آگاہ کررہے ہیں۔ تاہم لیہہ ضلع کے کانگریس لیڑر اور سابق وزیر نوانگ رگزن جورا نے ای ٹی وی بھارت کو فون پر بتایا کہ لیہ ضلع سے کانگریس یونٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نوجوان لیڑر ٹی نامگیال کو انڈیا الائنس کاامیدوار نامزد کریں گے اور ان کو میدان میں اتاریں گے۔ جورا نے بتایا کہ ضلع کرگل دے حنفیہ جان کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ضلع کرگل میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے مقامی لیول پر فیصلہ کیا ہے جو لیہہ کو منظور نہیں ہے۔

ناصر منشی نے بتایا کہ کرگل ضلع کی دونوں جماعتوں نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے حنفیہ جان کو امیدارو نامزد کیا اور اگر لیہ ضلع سے کوئی امیدوار نامزد کیا گیا تو کرگل میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس حنفیہ جان کو آزاد امیدوار کے طور پر کھڑا کریں گے۔ غور طلب ہے کہ حنفیہ جان نیشنل کانفرنس کے سینئر لیرڑر ہیں اور وہ گزشتہ پانچ برسوں سے کرگل پہاڑی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین بھی تھے۔ انڈیا الائنس کی سیٹ شیئرنگ کے معاہدے کے تحت لداخ سے نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے فیصلہ کیا تھا کہ اس نشست پر کانگریس امیدوار اٹھائے گی، تاہم اب اس نشست پر نیشنل کانفرنس نے ہی بازی مارلی۔

حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو اس نشست پر کافی دشواریوں کا سامنا درپیش ہے کیونکہ ان کے موجودہ رکن پارلیمنٹ جامیانگ چھرنگ نامگیال کو مینڈیٹ نہ دینے کے بعد وہ آزاد امیدوار کے طور الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ بی جے پی نے ان کی جگہ سابق لیہہ بی جے پی صدر و لیہہ ہل ڈیلومنٹ کونسل کے موجودہ چیئرمین تاشی گیالسن کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ گیالسن نے آج کاغذات نامزدگی بھی داخل کیے۔ نامگیال کا بی جے پی کے خلاف بغاوت کرنے اور انتخابات الگ لڑ نے کی صورت میں بی جے پی کو انتخابات میں مشکلات کا سامنا رہے گا۔

ان سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے لداخ نشست پر انتخاب دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ مبصرین کا ماننا ہے کہ اگر کرگل سے اتفاق رائے سے کسی امیدوار کو نامزد کیا جاتا ہے تو اسکی جیت کے امکانات روشن ہیں کیونکہ لیہہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی آپسی سرپھٹول اور کانگریس کی جانب سے نمگیال کو امیدوار نامزد کرنے سے بودھ ووٹ تقسیم ہوسکتے ہیں۔ تاہم کرگل میں مزید کچھ امیدواروں کے میدان میں آنے کا بھی امکان ہے جس سے کرگل ضلع کے مسلم ووٹ تقسیم ہوسکتے ہیں،۔ ان میں سماجی کارکن سجاد کرگلی کا نام بھی لیا جاتا ہے۔

Last Updated : May 2, 2024, 1:55 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.