ETV Bharat / jammu-and-kashmir

حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓ حیات طیبہ ہر دور کی خواتین کیلئے مشعل راہ:میر واعظ عمر فاروق - Hazrat Khadijah

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 21, 2024, 9:18 PM IST

Etv Bharathazrat-khadija-tul-kubra-is-a-beacon-of-light-for-women-of-all-ages-mirwaiz-umar-farooq
حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓ حیات طیبہ ہر دور کی خواتین کیلئے مشعل راہ:میر واعظ عمر فاروق

Hazrat Khadijah death Anniversary حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓ کے یوم وصال کے سلسلے میں آستانہ عالیہ پیر دستگیر حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ صاحب خانیار میں ایک عظیم شان پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام میں میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے وعظ و تبلیغ کیا۔

حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓ حیات طیبہ ہر دور کی خواتین کیلئے مشعل راہ:میر واعظ عمر فاروق

سرینگر: میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے اسلام کی خاتون اول ام المومنین حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓ کے یوم وصال کے موقعہ پر اس عظیم المرتبت خاتون کو اسلام کے تئیں اس کی گرانقدر خدمات، قربانیوں، ایثار اور فداکاری پر انہیں شایان شان الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ حضرت خدیجہؓ ہر دور کی خواتین کیلئے ایک بے مثال رول ماڈل کی حیثیت سے پہنچانی جائیں گی۔

حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓ کے یوم وصال کے سلسلے میں آستانہ عالیہ پیر دستگیر حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ صاحب خانیار میں ماہ رمضان المبارک کے عشرہ رحمت کے آخری دن ایک پُر شکوہ مجلس وعظ و تبلیغ سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ اسلامی تعلیمات کو نظر انداز کرتے ہوئے ہمارے معاشرے میں آج بھی خواتین کو کمتر اور حقیر سمجھا جاتا ہے اور ان کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ اسلام نے انہیں جو حقوق دیئے ہیں ان کے حصول کیلئے اور اپنے جائز مقام کیلئے انہیں خود کھڑا ہوجانا چاہئے۔

پیغمبر اسلامﷺ کی پیاری شریک حیات حضرت خدیجہ الکبریٰ ؓکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ حضرت خدیجہ تمام نسلوں کی خواتین کے لئے بہترین نمونہ عمل ہیں اور ان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے سب سے پہلے پیغمبر اسلام ﷺ پر ایمان لایا اور اسلام کی تبلیغ و ترویج کیلئے اپنا سارا اثاثہ راہ خدا میں صرف کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہ نے ایک سچے اور عقلمند ساتھی کی حیثیت سے ہر مشکل وقت میں پیغمبر اسلام ﷺ کے ہر کام میں ان کی مدد اور دلجوئی کی حالانکہ اپنے وقت کی ایک کامیاب کاروباری خاتون ہونے کے باوصف انہوں نے اپنی ساری دولت اسلام کے مشن کی آبیاری کیلئے صرف کی اور نہ صرف اعلان نبوت میں پیغمبر ﷺ کی معاون بن گئیں بلکہ ان کی مخالفت کرنے والوں کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا جس سے پیغمبر اسلامﷺ کو اپنے مشن اور اسلام کے پھیلانے میں بہت مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہؓ کی زندگی سچائی، ایمان پر یقین اور اپنے شریک حیات کیلئے ایک معاون ساتھی اور مصیبت اور آزمائش کے مراحل میں صبر و استقامت اور سخاوت کی ایک بے مثال نمونہ ہیں۔

مزید پڑھیں: حضرت خدیجتہ الکبریٰؓ کا عرس مبارک

میرواعظ نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ ہم جو اسلام کو ماننے اور اس پر عمل کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں تو نہ صرف ہمارے سماج میں آئے روز ہماری خواتین کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے بلکہ ان کو ان کی جائز وراثت میں حصے سے بھی محرومی کی مثالیں عام بات ہو گئی ہے جو کہ اسلامی تعلیمات کے ساتھ نہ صرف متصادم ہیں بلکہ اسلام کے آفاقی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات کوبدلنا ہوگا اور عورتوں کو اسلامی اصولوں اور قاعدے قانون کے مطابق وراثت میں ان کے جائز حق کا احترام کیا جانا چاہئے اور گھریلو تشدد سے عبارت روایات کو ختم ہوجا چاہئے اور یہی خاتون جنت حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ کو بہترین خراج عقیدت ہوگا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.