ETV Bharat / jammu-and-kashmir

بی جے پی جموں کشمیر کی سبھی اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی: امت شاہ - Amit Shah on JK Assembly Elections

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 17, 2024, 12:32 PM IST

کشمیر کی سبھی لوک سبھا نشستوں پر انتخابات نہ لڑنے والی بھارتیہ جنتار پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں سبھی نشستوں پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔

ا
امیت شاہ (تصویر: ای ٹی وی بھارت)

سرینگر (جموں و کشمیر) : مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں سبھی نشستوں پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ سرینگر کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران شاہ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اس سال کے آخر میں ہونے والے انتخابات کی تیاری کریں۔

شاہ نے کشمیر کی تین اہم لوک سبھا سیٹوں پر انتخاب نہ لڑنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر میں بی جے پی یونٹ کو ستمبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ہر سیٹ پر مقابلہ کرنے کی تیاری کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ اعلان سرینگر کے للت پیلس میں بی جے پی کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یاد رہے کہ امیت شاہ سخت سیکورٹی حصار کے بیچ جمعرات کی شام سرینگر پہنچے اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور جموں و کشمیر امور کے انچارج سنیل شرما، درخشاں اندرابی، حنا بھٹ، صوفی یوسف، الطاف ٹھوکر اور قومی جنرل سیکریٹری ترون چگ جیسے بی جے پی رہنماؤں سے ملاقات کرنے سے پہلے گجروں، بکروالوں، پہاڑیوں اور سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں سمیت مختلف وفود سے ملاقات کی۔

میٹنگ میں موجود ذرائع نے بتایا کہ شاہ نے ملک بھر میں نچلی سطح پر بی جے پی کو مضبوط کرنے کی اپنی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے لوک سبھا کی نشستوں پر انتخاب نہ لڑنے پر افسوس کا اظہار کیا لیکن پارٹی کے کیڈر کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کی خاندانی حکمرانی کو ختم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے پارٹی اراکین پر زور دیا کہ وہ 20 اور 25 مئی کو بارہمولہ اور اننت ناگ-راجوری نشستوں کے لیے لوک سبھا انتخابات میں ان جماعتوں کے خلاف ووٹ ڈالیں۔

انہوں نے بی جے پی اراکین کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر پارٹی کا ووٹ این سی، پی ڈی پی اور کانگریس کے خلاف پڑے۔ شاہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ بی جے پی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں تمام نشستوں پر مقابلہ کرے گی، جسے سپریم کورٹ نے ستمبر تک منعقد کرنے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات بیک وقت نہ کرانے پر جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے حفاظتی خدشات اور اعتراضات کا حوالہ دیا تھا۔

جموں میں منعقدہ ایک ریلی میں شاہ نے کہا تھا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی جلدی میں نہیں ہے پارٹی نے جموں اور ادھم پور نشستوں کے لیے موجودہ ممبران پارلیمنٹ جگل کشور شرما اور ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو میدان میں اتارا ہے۔ جموں کشمیر میں حد بندی کے بعد اسمبلی میں اب 114 نشستیں ہیں جن میں 24 پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے لیے نامزد ہیں بقیہ 90 نشستیں میں 43 جموں میں اور 47 کشمیر میں ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ دورہ کشمیر جماعت اسلامی کے اس اظہار کے فوراً بعد ہوا ہے کہ ’’اگر مرکز غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت 2019 کی پابندی کو کالعدم قرار دیتی ہے تو وہ دوبارہ انتخابی سیاست میں شامل ہونے میں دلچسپی دکھائیں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: امت شاہ نے بتایا کہ بی جے پی کو 400 سیٹوں کی ضرورت کیوں ہے، اروند کیجریوال کو بھی نشانہ بنایا - LOK SABHA ELECTION 2024

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.